June 1, 2011

چاند اور چاند کے ہم نام

chand aur chand ke humnam


جو لوگ معاشرے میں بیویوں کے ان کے مطابق نہ ملنے والے مقام اور شوہرانہ برتری سے شاکی رہتے ہیں انہوں نے کبھی اس بات پر غور کیا ہے سب اچھی اچھی چیزوں پر تو بیویوں کا قبضہ ہے حتی کہ مظلومیت بھی انہوں نے اپنے اختیار میں لے رکھی ہے۔کبھی آپ نے غور کیا ہے کہ چاند کو تو ماموں کہا جاتا ہے اور چاچا کون کہلاتا ہے۔چاچا مالی، چاچا موچی، چاچا مستری،چاچا مزدور وغیرہ وغیرہ۔آج کی بات خواتین کی زیادتیوں کے بارے میں نہیں ہے بلکہ چاند کے بارے میں ہے، چندا ماموں نہیں صرف چاند۔ماموں پر بات کر کے میں نے اپنی والدہ سے مار تھوڑی ناں کھانی ہے۔

یوں تو ہر کسی کی طرح میرا بھی چاند سے پہلا تعارف مشہور زمانہ نظم چندا ماموں دور کے سے ہی ہوا تھا۔لیکن جب میں پہلی جماعت میں پڑھتا تھا تو تب پہلی بار میں چاند سے متاثر ہو ا تھا۔چاند سے متاثر کہنا تو درست نہ ہوگا اصل میں تب میرے ساتھ ایک لڑکا پڑھا کرتا تھا جس کا نام چاند تھا۔پڑھائی میں تو خیر وہ چاند ہی چڑھائی کھڑا تھا لیکن جب بھی حاضری لگتی تھی مجھے اس کا نام بڑا پیارا لگتا تھا۔آخر ایک دن میں اپنی والدہ سے پوچھ ہی بیٹھا کہ ممامیرے ہم جماعتوں کے کتنے اچھے اچھے نام ہیں آپکو کوئی اور نام نہیں ملا تھا ’علی‘ یہ بھی بھلا کوئی نام ہوا۔مما کہنے لگیں اچھا پھر کیا رکھتے ؟میں نے کہا اتنے سارے اچھے نام ہیں مثلاً مثلاً چاند ہی رکھ دیتے۔مما ہنسیں اور کہنے لگیں آپ بھی تو میرے چاند ہو میں نے کہا پر پوری جماعت کا تو نہیں ہوں ناں۔مما ہنستی رہیں اور میں سوچنے لگا اب مما کو کیا سمجھاؤں۔

مزید پڑھیے Résuméabuiyad