February 4, 2017

گزشتہ سال دیکھی گئیں اچھی فلمیں


فلمیں دیکھنا اور بے شمار دیکھنا ہمارا مشغلہ رہا ہے اور ہم نے سوچا کیوں نہ پچھلے سال دیکھی گئیں اچھی فلموں بارے آپ لوگوں سے شئیر کیا جائے تو پیش خدمت ہیں پچھلے سال کی وہ فلمیں جو مجھے اچھی لگیں


The Nice Guys، 
قسم: مزاحیہ، --- فحاشی: اچھی خاصی 
دی نائس گائے یعنی اچھے بندے حیران کن طور پر گزشتہ سال دیکھی گئی اچھی فلم نکلی- ویسے تو رسل کرو Russell Crowe مجھے اس لیے نہیں بھاتا کہ ہمیشہ سے ایک ہی قسم کی فلموں میں ایک ہی قسم کی ادا کاری کرتا آیا ہے لیکن یہ فلم اس کی سابقہ فلموں سے منفرد ہے- فلم کی رفتار بھی خاصی تیز ہے اور ہر مرحلے پر مزاح کا عنصر قائم رہتا ہے جس کی وجہ سے کسی بھی موقع پر فلم بین بور نہیں ہونے پاتا۔ 

 Hell or High Water،
قسم: ڈرامہ، سسپنس --- فحاشی: معمولی 
دو بھائی اپنی زمین بچانے کے لیے ایک انوکھے مگر پر خطر راہ چنتے ہیں۔ چھوٹے شہر/ ٹاؤن کی کہانی پر مبنی فلم شائقین کے ساتھ ساتھ تنقید نگاروں کو بھی متاثر کرنے میں کامیاب رہی ہے- ایک شریف اور ایک جرم پیشہ بھائی کی جوڑی عجیب مگر بری نہیں رہی- فلم کی رفتار مناسب ہے اور سسپنس بھی کسی حد تک ٹھیک ہی ہے۔ 

 The Little Prince ،
قسم:اینیمیٹڈ، --- فحاشی: معمولی 
آج کل متحرک تصویری (اینیمیٹڈ) فلمیں بچوں کی بجائے بڑوں کے لیے ہی بن رہی ہیں۔ یہ فلم دنیا کے دس سب سے زیادہ بکنے والوں ناولوں میں سے ایک لٹل پرنس (چھوٹا شہزادہ) پر مشتمل ہے- کہانی انتہائی لاجواب ہے اور فلم بھی بہترین ہے- شروع کے پانچ دس منٹ بعد فلم آپ کو اپنی گرفت میں لے لیتی ہے اور آخیر تک آپ کو گھیرے رکھتی ہے۔

 Sully ، 
قسم: سوانح، --- فحاشی: معمولی 
2008 میں نیویارک کے دریائے ہڈسن میں دونوں انجن فیل ہونے کے بعد بغیر کسی جانی نقصان کے جہاز کی کریش لینڈگ کے واقعے پر مبنی فلم دیکھنے سے تعلق رکھتی ہے- ٹام ہینکس Tom Hanksکی اداکاری، کلائنٹ ایسٹ وڈ Clint Eastwoodکی ہدایت کاری نے سیدھے سادے واقعے کو چار چاند لگا دیے ہیں- فلم میں ہم تیسری دنیا کے لوگوں کے لیے انتہائی اسباق پوشیدہ ہیں کہ کیسے ہم سوچے سمجھیں بنا جانے پرکھے بغیر کسی کو ہیرو بنا کر اس کے پیچھے چل پڑتے ہیں جبکہ ترقی یافتہ ممالک میں ہر حادثے کو کیسے جانچا جاتاہے۔ 

 'Eddie the Eagle'، 
قسم: کھیل، سوانح، --- فحاشی: قابل برداشت
 یہ فلم ایک برطانوی سکائی جمپر ایڈی ایڈورڈ Eddie "The Eagle" Edwardsکی کہانی پر مشتمل ہے جو کہ ہمیں سکھاتی ہے کہ محنت اور لگن کسی نہ کسی منزل پر پہنچا ہی دیتی ہے۔ فلم کی کہانی تھوڑی سست سہی لیکن اس میں بہت سے سیکھنے کی چیزیں ہیں۔

The Hollars، 
قسم: مزاح،---- فحاشی: قابل برداشت
 یہ فلم ایک فیملی ہالر کے گرد گھومتی ہے جس میں دو بیٹے، ایک قریب المرگ ماں، ایک باپ جو اپنی بہن کے ہمراہ ایک ڈوبتے بزنس کو بچانے میں مصروف ہے- فلم کی رفتار مناسب ہے اور شائقین کو ہلکے پھلکے مزاح سے بور نہیں ہونے دیتی- کہانی امریکہ میں فیملی کے کردار کو بخوبی اجاگر کرتی ہے- 

 Undrafted۔ 
قسم: مزاح، کھیل--- فحاشی: معمولی
 اگر کبھی آپ نے کوئی کھیل کھیلا ہے خواہ محلے کی سطح پر، دوستوں یا کزنز کے ساتھ تو یہ فلم آپکو اس وقت میں واپس لے جائے گی- علاقائی ٹیموں کے درمیان بیس بال میچ کی داستان ایسے بیان کی گئی ہے گویا وہ کہانی آپ پر بیتی ہے۔ فلم ایک ایسی ٹیم پر مشتمل ہے جس میں ہر قسم کی طبعیت کا لڑکا شامل ہے آگے آپ خود سمجھدار ہیں کہ آپ بھی کئی قسموں کے لڑکوں کے ساتھ کھیل چکے ہیں

 Hands of Stone
قسم: کھیل، سوانح----  فحاشی : حد سے زیادہ 
ایک باکسر کی زندگی کی سچی کہانی ہے جو کہ غلام قوموں کے کردار کو بخوبی اجاگر کرتی ہے کہ ورلڈ چیمپین بن کر بھی فلم کے ہیرو سے پاناما پر امریکی یلغار کے اثرات مٹتے نہیں جو کہ اس کی باکسنگ کی خداداد صلاحیتوں کو بھی متاثر کرتے ہیں۔ 

Middle School: The Worst Years of My Life، 
قسم: مزاح، طالبعلمی، --- فحاشی : قابل برداشت 
ایک بچے کی کہانی ہے جو کہ ایک نئے مڈل اسکول میں داخل ہوتا ہے کیونکہ اس سے قبل وہ کئی اسکولوں سے نکالا جا چکا ہوتا ہے اور اس کے پاس اس شہر میں پڑھنے کا آخری موقع ہوتا ہے- فلم میں اسکول کے زمانے کی شرارتوں اور سوچ کو عمدہ اور ہلکے پھلکے انداز میں دکھایا گیا ہے- 

Jimmy Vestvood: Amerikan Hero، 
قسم: مزاح، --- فحاشی: حد سے زیادہ 
یہ ایک ایرانی کی کہانی ہے جس کو امریکی گرین کارڈ ملتا ہے اور وہ اپنے سپنوں کے دیس امریکہ جا پہنچ کر اپنے خوابوں کا پیشہ جاسوسی کرنے کا موقع ملتا ہے- فلم میں ہیرو کی سادگی کئی گل کھلاتی ہے جن کو دیکھ کر ہنسی روکنا محال ہو جاتا ہے۔ 

 Solace، 
قسم: پراسرار/ مافوق الفطرت، --- فحاشی: معمولی 
ایک روحانی طاقتیں رکھنے والی شخص کی کہانی ہے جو کافی عرصے بعد ایف بی آئی FBI کی مدد کے لیے واپس آتا ہے اور اس کا مقابلہ اپنے سے طاقتور روحانی طاقت رکھنے والے شخص سے پڑتا ہے- کہانی عمدہ اور جاندار ہے اور اگر آپ کو ایسی کہانیاں پسند ہیں تو یہ فلم آپ کو بھی پسند آئے گی۔ 

 Me, earl and the dying girl، 
قسم: مزاح/طالبعلمی --- فحاشی: معمولی 
ایک تخلیقی صلاحیتوں کے حامل لڑکے کی کہانی ہے جس کو اس کی ماں مجبور کرتی ہے کہ وہ ایک ایسی لڑکی کے ساتھ دوستی کرے جس کو کینسر کا مرض لاحق ہے تاکہ وہ ایک بیمار لڑکی کو کمپنی دے کر اپنے اچھے ہونے کا ثبوت دے سکے- فلم کی کہانی لاجواب اور رفتار عمدہ ہے- 

Lobster، 
قسم:ڈرامہ، سائنس فکشن --- فحاشی: حد سے زیادہ 
یہ ایک غیر معمولی سائنس فکشن کہانی ہے جس میں انسان ایک ایسی دنیا میں رہتے ہیں جہاں جس مرد یا عورت کو ساتھی نہیں ملتا اس کو کسی جانور میں تبدیل ہونا پڑتا ہے اور ہیرو ایک ساتھی کے نہ ملنے پر لوبسٹر یعنی کیکڑا بننا چنتا ہے- فلم کی کہانی عجیب مگر دلچسپ ہے تاہم اختتام تھوڑا غیر معمولی ہے اور فلم کی رفتار بھی سست ہے۔ 

The Peanuts Movie،
 قسم:اینیمیٹڈ، ---فحاشی: معمولی 
جیسا کہ پہلے بھی لکھ چکا ہوں کہ آج کل ایمینٹڈ فلمیں بچوں کی بجائے بڑوں کے لیے بن رہی ہیں ایسی ہی یہ پینٹ مووی ہے جو کہ مشہور کارٹون کردار چارلی براؤن پر بننی ہے- فلم میں بیک وقت چارلی براؤن اور سنوپی جو کہ ایک کتا ہے کہ کہانی چلتی ہے- سنوپی کی کہانی کسی حد تک فلم کی رفتار کو متاثر بھی کرتی ہے اور اصل کہانی سے توجہ بھی ہٹاتی ہے تاہم چارلی براؤن جو کہ ایک عام سا لڑکا ہے اور ہر معاملےمیں ناکامی سے دوچار ہوتا ہے کہ کہانی دل کو چھو لینے والی ہے۔ 

The Intern ،
قسم: مزاح، --- فحاشی :اچھی خاصی 
فلم ایک بوڑھے شخص کی ہے جو ایک نوجوانوں کی کمپنی میں بطور انٹرن بھرتی ہوتا ہے اور کمپنی کی مالکن کے ساتھ منسلک ہوتا ہے- آہستہ آہستہ اپنے تجربے کی بنا پر وہ تمام کمپنی میں ہر دل عزیز بن جاتا ہے- اگرچہ کہانی کا اختتام کسی حد تک ہندی یا جنوب ایشیائی کہانیوں کی طرح ہے جو کہ امریکی فلموں میں خام خام دیکھنے کو ملتا ہے لیکن کہانی اچھی اور فلم ہلکی پھلکی اور مزیدار ہے۔ 

Madaari'- مداری، 
قسم: ڈرامہ/ سیاست ---فحاشی: معمولی 
پچھلے تمام سال میں مداری ہی ایسی ہندی فلم ہے جو میں کہہ سکتا ہوں کہ دیکھنے میں کوئی ہرج نہیں- تاہم فلم کی کہانی روایتی ہندی ہے جہاں سب کچھ محیر العقل ہے لیکن عرفان خان کی اداکاری عمدہ ہے اور فلم کے اختتام پر محسوس ہوتا ہے کہ فلم کو بہت اچھا بنایا جا سکتا تھا۔ 

Shah-شاہ، 
قسم: کھیل، سوانح، --- فحاشی: معمولی 
پاکستانی باکسر حسین شاہ کی زندگی پر بنی ایک لاجواب فلم- اگر آپ کبھی حسین شاہ کے فین رہے ہیں تو یہ فلم دیکھ کر آپ کا سر شرم سے جھک جاتا ہے اور یہ احساس مزید اجاگر ہوتا ہے کہ اس ملک میں عام آدمی کو زندہ رہنے کا کوئی حق نہیں- ایک لاجواب فلم جس کی ایڈیٹنگ بہتر کی جا سکتی تھی لیکن اس کے باوجود ہمارے ہاں پھیلی اندھیر نگری کو اجاگر کرتی ایک یادگار فلم۔

Guzashta sal dekhi gae achi filmain