darkhwast hasool e party ticket braye general election
بخدمت جناب چیرمین صاحب پاکستان سیاسی پارٹی، اسلام آباد،لندن، واشنگٹن
جناب عالی
گزارش ہے کہ فدوی ایک کھاتے پیتے گھرانے سے تعلق رکھتا ہے اور گزشتہ کئی سالوں سے کھانے اور پینے کا مظاہرہ عوامی اور سیاسی طور پر کر چکا ہے۔بے شک فدوی اس سے قبل تین چار پارٹیوں میں رہ چکا ہو لیکن اس بات کی گواہی تو آپ کی پارٹی کے اراکین بھی دیں گے کہ زبانی جمع خرچ کے علاوہ فدوی میں تمام خوبیاں آپ کی پارٹی کے اراکین جیسی ہی ہیں۔ یوں تو آپ جوابی طور پر کہہ سکتے ہیں کہ تمام اراکین اسمبلی دراصل ایک ہی پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں لیکن چونکہ فدوی حال ہی میں آپ کی پارٹی میں شامل ہوا ہے لہذا فدوی کی بات پر یقین کر لیا جائے کیونکہ ابھی بھی چند ایک پارٹیاں حلقے سے موزوں امیدوار کی تلاش میں ہیں اور ویسے بھی" نئے لوٹے کے نو مہینے اس کے بعد اگلے کمینے" تو آپ نے سن ہی رکھا ہو گا۔
جناب عالی آب بھی پرانے پاپی یعنی سیاستدان ہیں اور گھاٹ گھاٹ کا پانی اور بندے بندے کا خون پی چکے ہیں تو آپ بھی موزوں امیدوار کی تعریف جانتے ہوں گے۔ آپ کے سیکٹری صاحب کو البتہ یاد دہانی کے لیے بتاتا چلوں کہ ان کی نیت ڈانواں ڈول رہتی ہے کہ موزوں امیدوار اسے کہتے ہیں جس کے پاس اتنا پیسہ ہو کہ وہ اپنے ساتھ ساتھ اور لوگوں کو بھی پیسے سے قائل کر سکے، اتنے ووٹ ہوں کہ اگر آزاد امیدوار بھی کھڑا ہو تو دستبرداری کے لیے کم از کم دس پندرہ لاکھ تو اگلے ہنسی خوشی دینے کو تیار ہو جائیں اور اتنی صلاحیت ہو کہ رکی راوی میں بھی ہاتھ دھو سکتا ہو تو جناب ہمارا سابقہ ریکارڈ فخریہ طور پر پیش ہے جو ہمارے موزوں تر ہونے کی وکالت کرتا ہے۔
جناب عالی ویسے تو فدوی کو کسی ٹکٹ کی خاص ضرورت نہیں کیونکہ جس کے پاس پیسہ ہے اور بد معاشی ہے اسی کا ووٹ ہے لیکن کچھ بیوقوف ایسے بھی ہوتے ہیں جو پارٹی کو چاٹتے رہتے ہیں۔ خواہ پارٹی کتنی ہی دولتیں جھاڑے وہ گدھے سے چمٹے رہتے ہیں خواہ پارٹی کسی بندر کو ٹکٹ دے وہ تالیاں پیٹتے رہتے ہیں ۔ان لوگوں کے ساتھ جتنی کتے والی کرو ووٹ انکا پارٹی کا ہوتا ہے تو اگر آپ فدوی کو ٹکٹ عنایت کر دیں تو فدوی کے دس پندرہ ہزار ووٹوں میں اضافہ ہو جائے گا یوں مایا کو مایا اور ووٹ کو ووٹ کر کر لمبے ہاتھ ملیں گے اور آپ کی پارٹی کی سیٹ میں بھی اضافہ ہونے کا خاصا امکان ہے کیونکہ اب آپ کارکن کو ٹکٹ دینے سے اور عوام عام آدمی کو ووٹ دینے سے رہے۔اس لیے آپ کے سابقہ نظریاتی رکن اسمبلی کے لوٹا بننے کے بعد ہم دونوں کے پاس ایک دوسرے کو قبول کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں کہ آپ کے پاس دوسرا تگڑا امیدوار نہیں اور میرے پاس میری سابقہ پارٹی میں نئے لوٹوں کے مقابلے میں ہم پرانے لوگوں کی جگہ نہیں۔
جناب عالی یوں تو ہم اس گروہ سے تعلق رکھتے ہیں جن سے ناچنے کے بعد فنکاراؤں نے کہا پیسے شاہ جی؟ تو ہم نے جواب دیا اب تم سے تھوڑی لوں گا پگلی۔ لیکن چونکہ آپ ہمارے بھی امام ہیں تو چالیس ہزار پارٹی کے نام اور دس لاکھ آپ کے سیکٹری کے نام ڈرا فٹ ساتھ منسلک ہے لیکن چونکہ بندہ حقیر بھی پرانا پاپی ہے اور سیاست کی اونچ نیچ سمجھتا ہے اس لیے اس نے پچاس لاکھ ایک الگ اکاؤنٹ میں رکھ چھوڑے ہیں کہ آپ نے بھی تو الیکشن لڑنا ہے اور گھر بار بھی چلانا ہوتا ہے تو آپ جب کہیں گے آپ کے غیر ملکی اکاؤنٹ میں رقم منتقل کر دی جائے گی۔
جناب فدوی کی قابلیت کے لیے فدوی کا کچا چٹھا یعنی کوائف نامہ المعروف سی وی ساتھ منسلک کیا جا رہا ہے تاہم آپ کو میری ڈگری کا پتہ ہے اور مجھے آپ کی ڈگری کا تو ادھر بھی ساتھ لکھ رہا ہوں۔
جب فدوی نے سیاست شروع کی تھی تو فدوی کے پاس ظاہری ایک سوزکی کار تھی اور پوشیدہ سوائے دعاؤں کے کچھ نہ تھا اور اللہ کے فضل سے پندرہ سال سیاست میں ایسے گزارے ہیں جیسے دانتوں کے درمیان زبان اور آج ہمارا باورچی بھی سوزکی پر چڑھنے میں ہتک محسوس کرتا ہے۔ظاہری طور پر اتنا ہے کہ پوشیدہ کا حساب لگانے کا دل ہی نہیں کرتا تاہم اگر مختصراً کہیں تو کونسے ملک میں جائیداد نہیں اور کونسے ملک میں کاروبار نہیں۔
جناب عالی اگر آپ بھی سمجھتے ہیں کہ ہم نے یہ پیسہ کرپشن سے کمایا ہے تو یہ سراسر الزام ہے بلکہ ہم تو میرٹ کے سخت پابند ہیں جب بھی فائل ہمارے پاس آتی تھی ہم جس میں سب سے زیادہ پیسے ہوتے تھے اسی پر دستخط کیا کرتے تھے اور ایک بار بھی ایسا نہیں ہوا ہم نے اس میرٹ کی خلاف ورزی کی ہو اسی طرح علاقے میں ہر کام کا ریٹ مقرر ہے خواہ اپنا ہو یا پرایا ہو کوئی ہم پر بے ایمانی کی انگلی نہیں اٹھا سکتا کہ ہم نے شاہ جی کو پیسے دیے انہوں نے ہمارا کام نہیں کیا۔اگر ہم عوام کو پیسے خرچ کرنے پر بھی سہولیات فراہم نہ کر سکیں تو ہماری سیاست کا کیا فائدہ۔
جعلی ڈگری ایسی حاصل کی ہے کہ آج تک کوئی نہیں پکڑ پایا اور پکڑتا بھی تو کیسے؟ وی سی تک تو ہماری سفارش سے لگتے ہیں ۔ہمیں آپ کے تمام ان نااہل اراکین سے شدید ہمدردی ہے جن کی ڈگریاں جعلی نکلیں ۔وہ بھی کوئی سیاستدان ہے جس کو ڈگری خواہ کوئی سی ہو کا مسئلہ در پیش ہو۔
ایک بیٹے کے پاس امریکی شہریت ہے تاہم اللہ کے فضل سے دوسرے کے پاس پاکستان کی ہے کہ کسی نے تو اس ملک کو سنبھالنا ہے۔ اب کل کلاں کمیوں کے بیٹے جیت جتا گئے پھر ہم تو پکا پکا ملک چھوڑ جائیں ناں۔ ہم کوئی ان کی طرح بیوقوف
ہیں جنہوں نے پہلی پیڑھی امریکہ اور برطانیہ دیکھے ہیں ۔ ہم تو پشت ہا پشت سے آپ کی طرح انگریزوں کے غلام رہے ہیں۔
فدوی پر چار مقدمے بیک وقت قتل اور غنڈے گردی کی مختلف دفعات کے تحت چل رہے ہیں اور چھ حال ہی میں جب آپ کی
حزب مخالف نے ہمیں مشیر بنایا تھا تب مقتولوں کے لواحقین کے ساتھ نمٹائے تھے۔ نمٹانا ریمنڈ ڈیوس والا نہ سمجھیں کہ پیسے دے کر مک مکا کر لیا۔ہم تو کیس کرنے والوں کو ہی مُکانے کے قائل ہیں کہ کل کلاں کوئی بیوہ خود کشی ہی نہ کر لے اور کوئی ایک آدھ محب وطن قسم کا اخبار نویس ہماری ناک میں دم کرتا رہے۔کہ ہمارا ایک ہی اصول ہے کام اور کمیشن پکا ہونا چاہیے بس۔
اور جناب عالی آخر میں آپ کو یہ بھی بتاتے چلیں اگر آپ نئے امیدواروں سے یا نئی پارٹی کی لہر سے پریشان ہیں تو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں اگر ہمارے مزارعے ہمیں ووٹ نہیں دیں گے تو بےچارے رہیں گے کہاں؟ باقی پارٹی الیکشن کی بات ہے تو آپ حکم کریں تو ہم کل ہی اپنے شہر میں بیس ہزار بندوں کا الیکشن کرا دیں تاہم آپ کو اس میں فی بندہ دو دو ہزار دینا پڑے گا۔
یاد رکھیں اس بار میں ہارا تو اگلی بار تو خاکسار ہی جیتے گا کیونکہ ہمارے حلقے کی با شعور عوام باری باری ہم دونوں امیدواروں کو خدمت کا موقع دیتی ہے-
اس لیے التماس کی جاتی ہے کہ مہربانی فرما کر فدوی کو ٹکٹ عنایت فرمائی جاوے ویسے بھی الیکشن کمیشن نے سب اچھے اچھے نشان پارٹیوں کو دے دیے ہیں اور آزاد امیدواری میں ڈر لگتا ہے ہماری سابقہ امیدوار لیڈی کونسلر کے انتخابی نشان کی طرح گاجر یا مولی کا نشان نہ مل جائے اور ہمارے عوام کی بے ہودگی اور بد تہذیبی کا شکار تو آپ بھی اکثر فیس بک پر ہوتے رہتے ہیں تو ٹکٹ کا اعلان فدوی کے حق میں فرما کر فدوی کو اپنی اور اپنی قوم کی خدمت کا موقع فراہم کریں۔باقی اگر اشارہ کریں دو تین ٹکٹ کے امیدواروں کو بندہ اپنی جیب سے راضی کر سکتا ہے اور دو تین کارکن قسمی امیدواروں کو آپ حسب معمول وعدوں سے ٹرخا سکتے ہیں۔کہ عوام کو عوام کی اوقات میں رکھنے میں آپ کا بھی فائدہ ہے اور ہمارا بھی۔ویسے بھی فدوی کی صحت کو دیکتے ہوئے آپ کو آئندہ وزیر صحت چننے میں مشکل نہیں ہو گی۔ اس کے لیے پارٹی فند کا علیحدہ بندوبست پیشگی کر چھوڑا ہے۔
العارض
جناب الحاج پیر سید غیر معمولی کامران
امیدوار ٹکٹ حلقہ این اے 420
تاریخ:آپ کی مرضی کی پر کام ہماری مرضی کا
نوٹ: یہ تحریر سراسر غیر سیاسی ہے اس کا مقصد فقط ایسے لوگوں کی مدد کرنا ہے جو پارٹی ٹکٹوں کے حصول کے درخواست دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔