November 25, 2010

اعزازی ڈگری

aizazi degree


جب کبھی اخبار میں نظر سے گزرتا ہے کہ فلاں شخص کو فلاں یونیورسٹی اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری دے رہی ہے توایسی آگ لگتی ہے کہ بس۔ پہلے تو غالب کا ایک شعر دماغ میں آتا ہے آپ بھی پڑھیے
حیراں ہوں دل کو روؤں کہ پیٹوں جگر کو میں
 مقدور ہو تو ساتھ رکھوں نوحہ گر کو میں
 اس کے بعد پطرس کے مضامیں میں سے ایک کی طرح دل کرتا ہے کہ دو بم تیار کروں ایک اس یونیورسٹی پر دے ماروں اور دوسراڈاکٹر اشرف کی میز کے نیچے نصب کر آؤں۔لیکن یہ سوچ کر رک جاتا ہوں کہ پہلے ہی مسلمان دہشت گردی کے الزامات تلے دبے ہوئے ہیں دوسرا بم کی آمد ورفت خو د ایک مسئلہ ہے اور تیسرا یہ کہ مجھے بم بنانا آتا ہی نہیں۔



میں یہاں یہ واضح کر دوں نہ میں سیاستدان ہوں اور نہ ڈاکٹر اشرف خدا نخواستہ ایچ ای سی کے چیرمین ہیں۔اگر میں سیاستدان ہوتا تو پھر یہ بلاگ تین جملوں میں ختم ہو جاتا۔
1۔اعزازی ڈگری پر کمیشن کتنا ہے؟
2۔اعزازی ڈگری پر سوموٹوتو نہیں لیا گیا؟
3۔اعزازی ڈگری بارے پریس کانفرنس کب ہے؟
 سمجھنے والوں کو اشارہ کافی ہے یہ تو تین نکاتی ہماری سیاست کا ایجنڈا بن گیا ہے۔

بہرحال ڈاکٹر اشرف صاحب ماس کمیونیکیشن کے چیرمین ہیں۔سابقہ چیر مین کے خلاف ہماری جدو جہد کا نتیجہ ہمیں ایک سمسٹر پڑھنے سے روک نئے چیرمین ڈاکٹر اشرف صاحب نے دیا اور انہوں نے واضح طور پر بتا دیا کہ ان کے قبلہ والد صاحب بھی ہماری سفارش کریں تو وہ نہیں مانیں گے یعنی ہمیں سمسٹر نہ کرنے دیں گے ہاں البتہ اگر وی۔سی صاحب کہہ دیں تو الگ بات ہے۔تو تین سمسٹر کر کے کوئے یار سے نکلے تو پولینڈ آ کر دم لیا جہاں ماسٹرز دوبارہ کرنا پڑا تاکہ ڈاکٹریٹ میں داخلہ لے سکوں۔تو ایک بم ان کی میز کے نیچے نصب کرنے بارے تو آپ سمجھ چکے ہوں گے۔

مفت کی ڈگر ی پانے والوں سے میرا دل کرتا ہے کہ اپنے ایک دوست کو ملاؤں جو امتحان میں صد فیصد گیس ملنے کے باوجود آٹھویں میں فیل ہو گیا تھا۔میرا دل چاہا کہ انکو اپنے اس کزن سے ملواؤں جس نے ممکنہ نتیجے سے بچنے کے لیے پریکٹیکل امتحان کی تاریخ خود ہی رولنمبر سلپ پر تبدیل کر دی تھی اور خود ساختہ تاریخ کو پریکٹیکل دینے بھی پہنچ گیا تھا،میرا دل چاہا انکو اپنا اسکول میں انگریزی سے پہلا تعارف بتاؤں جب چھٹی میں استاد صاحب نے کہا کہ کاف Calf کی اردو لکھیں اور میں سمجھا کہ انگریزی کہنے کی بجائے اردو کہہ گئے ہیں اور میں نے کاف کی انگریزی K لکھ دی تھی،میرا دل کرتا ہے کہ ان کو اپنے ملتان پبلک اسکول کے ان دوستوں کا بتاؤں جو امتحانات میں بوٹی اپنے انڈر ویئر میں چھپا کر آتے تھے اور ان کو غسل خانے جانے کی اجازت بھی نہ ملا کرتی تھی ،چاہتا ہوں کہ ان کو کیمسٹری کی اس کلا س کا بتاؤں جہاں استاد صاحب کہتے جس کے بیس میں سے تین نمبر ہیں وہ کلاس میں بیٹھا رہے اور باقی باہر بینڈ ڈاؤن ہو جائیں اور تمام کلاس ہی باہر برآمدے میں ہوا کرتی تھی،میرا دل چاہتا ہے کہ انکو اپنے اس دوست کا بتاؤں جس کے جوابات سن کر تنگ آکر استاد صاحب نے فرمایا یار تمھیں کچھ آتا بھی ہے؟ تم چلو میرا نام ہی بتا دو اور وہ نسیم صاحب کا نام بھی نہ بتا سکاتھا، میرا دل کرتا ہے ان کو ان بتیس نمبروں کے بارے بتاؤں جن کے نہ آنے کے باعث بڑے بے آبرو ہو کر فوجی فاؤنڈیشن یونیورسٹی سے ہم نکلے تھے،میرا جی چاہا کہ ان کو اپنے تاریخ ساز دوست سلیمان عمر کے بارے میں بتاؤں جس نے پاکستان کے ایٹمی دھماکوں کے کرنے یا نہ کرنے کے متعلق مضمون میں شعر اور کہاوتیں تو لکھیں سو لکھیں اس نے سائیکل کی ایک تصویر بھی بنا ڈالی جس میں سائیکل پر تیر بنا کر پاکستان کا نام لکھ دیا اور پیڈل پر تیر بنا کر ایٹمی دھماکے،میرا جی چاہتا ہے ان کو اس دوست کے بارے میں بتاؤں جس تمام رات انگریزی کے پرچے کی تیاری کرتا رہا اور صبح کمرہ امتحان میں اس کے ہاتھ میں کیمسٹری کا پرچہ پکڑا دیا گیا کیونکہ اس دن انگریزی کا نہیں کیمسٹری کا پرچہ تھایا اس ریاضی کے پرچے کا بتاؤں جب فرسٹ ایر میں ہم سب نے مل کر ٹکا کر نقل کی اور سب کے سب ہی فیل ہو گئے۔

لیکن اس کا کیا کیا جائے کہ دنیا اسی بے انصافی پر ہی قائم ہے،کلرک کی آمدن صاحب لوگوں سے بھی زیادہ ہے،لڑکیاں لفنگوں کو ملتی ہیں اور اب تو فلموں میں بھی نیک ہیرو نہیں چلتا۔ خدا جانتا ہے میں ان اعزازی ڈگری پانے والوں کی فیلڈ کی تفصیل میں نہیں جانا چاہتا لیکن کبھی کبھار میں سوچتا ہوں کہ قسمت کی دیوی مجھ پر بھی مہربان ہو جائے جو کہ مشکل ہے کیونکہ دیوی مونث ہے اور جنس مخالف سے تعلق اپنا کوئی قابل رشک نہیں رہا لیکن دنیا میں ہر چیز ممکن ہے تو اگر مہربان ہو جائے اور مجھے بھی ڈگری دیں تو کس شعبہ میں دی جائے گی۔اگر مجھ سے کوئی آکر پوچھے کہ بھئی بتاؤ ایک خواہش تو میں کہوں گا پی ایچ ڈی میں داخلہ دلوا دو لہذا وہ نوازنے والا بندہ سیدھی طرح آکر یہ کہے کہ بھئی تم کو ایک پی ایچ ڈی کی ڈگری دے رہے ہیں تو وہ کسی فیلڈ میں ہو سکتی ہے؟بلاگ لکھنے میں؟سڑے بسے افسانے لکھنے میں؟فیس بک پر زو رلڈگیم کے تمام لیول ختم کرنے پر؟موبائل فون کا استعمال بطور گھڑی کرنے پر(آج کل)؟موٹر سائیکل کا ایک سال تک ڈرائیور رکھنے پر؟ لسٹ تو خیر کافی طویل ہے بس کسی قدردان کا انتظار ہے۔

ڈر اس بات کا ہے کہ اکثر مشاہیر کی قدر لوگوں نے مرنے کے بعد کی ہے لوگوں کے منہ میں خاک کہیں مجھے بھی ڈگری۔۔۔۔۔۔ 

نوٹ:بات فقظ اتنی سی تھی کہ کل اخبار میں پڑھا کہ مختاراں مائی کو پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری دی جارہی ہے اور ہم پڑھ پڑھ کر گھلے جارہے ہیں،کیا یہ کھلا تِضاد نہیں۔اتنی سی بات پر غصہ کر کے یہ سب لکھ مارا۔