May 11, 2015

غیر اخلاقی باتیں، اخلاقی نتائج


اسکولوں میں اردو بے اور انگریزی بی کی کہانیاں پڑھ پڑھ کر اخلاقی نتیجہ یعنی مورال آف سٹوری Moral of Story ایسا دماغ پر سوار ہوا کہ ہم کہانی بعد میں یاد کیا کرتے تھے اوراخلاقی نتیجہ پہلے۔ لہذا اب جو بھی بات ہو، جو بھی واقعہ ہو میں اس کا اخلاقی و غیر اخلاقی نتیجہ دیکھنے کا عادی ہو گیا ہوں اور ویسے بھی اس اردو بلاگ کا نام ہی "اس طرف سے" ہے کہ دنیا کو اس طرف سے دیکھیں جہاں سے آپ کو اس سے حاصل کردہ سبق دیکھنے کو مل سکیں تو آج کے بلاگ سے آپ سیکھ سکیں گے کہ کیسے آپ ہر ایک واقعے سے ہر ایک بات سے کچھ نہ کچھ سیکھ سکتے ہیں اور اس ساری بات کا اخلاقی نتیجہ نکلا، ہمت مرداں مدد خدا۔

جو میرے فلیٹ کا بلاک ہے اس میں داخل ہوتے ہی شروع کے گھروں سے پہلے ساگو دانہ پکنے کی خوشبو آتی تھی لیکن اب وہاں سے تارا میرا کے تیل کی بدبو آتی ہے۔
اخلاقی نتیجہ: وقت ایک سا نہیں رہتا

پہلے برا پرچہ کرکے مجھے امید رہتی تھی کہ میں شاید پاس ہو جاؤں لیکن اب کمرہ امتحان سے نکلتے ہی مجھے پتہ لگ جاتا ہے کہ اس بار پھر لڑھک گئے
اخلاقی نتیجہ: پریکٹس میکس دا مین پرفیکٹ- Practice makes the man perfect.

کل ڈاک خانے میں جو پیاری سی لڑکی بیٹھی تھی آج اس کی جگہ ایک خرکار قسم کا بڈھا لوگ نمٹا رہا تھا۔
اخلاقی نتیجہ: لوگ کتنی جلدی بدل جاتے ہیں

جب لوگ نہیں ملتے ہوں گے تو پرندے بیٹ کہاں کرتے ہوں گے؟
اخلاقی نتیجہ: لاجکل تھنکنگ- Logical thinking

جب موبائل سنتے مجھے ٹریفک پولیس والے نے روکا تو میں نے بجائے اس سے بحث و تکرار کرنے کے سیدھا ہی پچاس کا نوٹ پکڑا دیا۔
اخلاقی نتیجہ: ایمان داری بہترین رویہ ہے- Honesty is the best policy

دفتر سے گھر پہنچا تو بیوی تیار کھڑی تھی ، اس نے مسکرا کر دیکھا اور پیار سے بولی شاپنگ پر چلیں؟
اخلاقی نتیجہ: ہر خوشی میں غم چھپا ہوتا ہے

پہلے میں ایک ہی لڑکی کو فیس بک پر بار بار ایڈ کرنے کی کوشش کرتا رہتا تھا اور فیس بک میری لوگوں کو ایڈ کرنے کی سہولت معطل کردیتی تھی- اب میں سو دو سو لڑکیوں کو اکٹھے ہی ایڈ کر کے سہولت معطل کراتا ہوں۔
اخلاقی نتیجہ: شیر کی ایک دن کی زندگی گیدڑ کی سو سالہ زندگی سے بہتر ہے

میرا دوست باس کو ایک نظر دیکھتے ہی پہچان لیتا ہے کہ آج باس کو کتنا مکھن لگانا ہے۔
اخلاقی نتیجہ: کچھ لوگ قدرتی طور پر ٹیلنٹڈ ہوتے ہیں

نوکر مجھے ڈرائنگ روم میں بٹھا کر صاحب کو بلانے چلا گیا۔ جب صاحب کافی دیر کمرے میں نہ آئے تو میں ان کی الماری میں پڑی کتابیں گننے لگا، پہلی گنتی میں 115 تھیں دوسری باری 111 نکلیں۔  
اخلاقی نتیجہ: کتاب تنہائی کی بہترین رفیق ہے۔

 فیس بک پر سارے لڑکیوں کے اکاؤنٹ لڑکوں نے بنا رکھے ہیں
اخلاقی نتیجہ: ساون کے اندھے کو ہرا ہی سوجھتا ہے۔

جب کسی کو باپ بنانے میں کوئی حرج نہیں تو کسی کا ماموں بننے میں کیا عار ہے؟
اخلاقی نتیجہ: ضرورت ایجاد کی ماں ہے

بندے کی شکل اچھی نہ ہو تو عمل اچھے ہونے چاہیں یا ڈی پی تو کم از کم اچھی ہو ہی ہو
 بندے کی شکل اچھی نہ تو بات تو اچھی کرے اور بات اچھی نہ کرے تو کم ازکم کاپی پیسٹ تو اچھا کرے۔
اخلاقی نتیجہ: "اصل خوبی"

پہلے بچھڑے کمبھ کے میلے میں ملا کرتے تھے اور اب فیس بک پر ملتے ہیں
اخلاقی نتیجہ: مادی ترقی سے کوئی بڑا نہیں ہوتا

اگر کوئی بغیر ٹکٹ سفر کر رہا ہے اور آپ کو پتہ ہے اور آپ نے ٹکٹ خریدی ہوئی ہے تو لازم ٹکٹ چیکر کو بتائیں۔
اخلاقی نتیجہ: معاشرے انصاف کی بنیاد پر قائم ہوتے ہیں۔

اگر کچھ کر نہیں سکتے تو ہونے کی امید تو رکھو۔ کیا پتہ کوئی اور آکر آپ کے لیے کر جائے۔
اخلاقی نتیجہ: ہفتے میں ایک دن اتوار کا بھی ہوتا ہے

سانپ پالو، بچھو پالو، دشمن پالو پر خوش فہمی نا پالو۔
اخلاقی نتیجہ: انگور کھٹے ہیں

 آرگنائزرز نے مقرر سے کہا،" سر! آپ یہاں گالیاں نہیں دے سکتے"، مقرر نے جواب دیا "٭٭٭٭٭!، میں نے کب گالی دی"؟ آرگنائزر نے کہا "جناب! ٭٭٭٭٭ گالی ہی ہے"۔ مقرر نے کہا " ٭٭٭٭٭ ! اگر ٭٭٭٭٭ گالی ہوتی تو ابا مجھے اس نام سے کیوں بلاتے"؟
اخلاقی نتیجہ: علم سینہ بہ سینہ آگے چلتا ہے۔

 میں سیگرٹ اپنے لیے نہیں پیتا دوسروں کے لیے پیتا ہوں کہ جتنا ہو سکے دوسروں کے لیے اس برائی کو نایاب کر سکوں۔ اخلاقی نتیجہ: نیکی تو آپ کے اندر بستی ہے

 لڑکیوں کو دیکھ کر میری زبان باہر آ جاتی ہے اور رال ٹپکنے لگ جاتی ہے۔
اخلاقی نتیجہ: انسان ایک معاشرتی "جانور" ہے۔

ایف ایس سی کرنے کے بعد میں نے سوچا کہ انجینرنگ بھی کر لوں۔
اخلاقی نتیجہ: لالچ بری بلا ہے

لڑکوں کو گرل فرینڈ بنانے کی اور ان کے والدین کو ان لڑکوں کی شادی کی جلدی رہتی ہے
اخلاقی نتیجہ: انگریز چلے گئے غلام چھوڑ گئے.

میں باقاعدگی سے اردو بلاگ لکھتا ہوں، میرا ایک تصویری بلاگ اور ایک جانوروں اور پرندوں کا بلاگ بھی ہے۔ میری افسانوں کی ایک کتاب بھی چھپ چکی ہے ۔ کبھی کبھار ٹوئیٹر پر بھی منہ مار لیتا ہوں، کسی زمانے میں فٹ بال کی ایک سائیٹ بھی چلا چکا ہوں، سیاست پر بھی میری گہری نظر ہے، مقرر بھی رہ چکا ہوں اور مذہب اور کرکٹ کا بھی ماہر ہوں۔ اخلاقی نتیجہ: خالی مکان، شیطان کی دکان

کسی پر بھی براہ راست تنقید نہ کرو بلکہ کوشش کرو اس کو اشاروں اشاروں میں سمجھ جائے کہ وہ غلط ہے۔
اخلاقی نتیجہ: اعتماد کی کمی نقصان دہ ہے۔

میں نے بولا: آئی لو یو! اس نے جواب دیا: جاؤ پہلے منہ دھو کر آؤ۔
اخلاقی نتیجہ: روز نہانا- رہو توانا

مولوی صاحب نے پوچھا، "قبول ہے" ؟" قبول ہے"؟ "قبول ہے"؟
اخلاقی نتیجہ: ایک نہیں سو سکھ  

اس کے پرس میں سے سکوں کے کھنکنے کی آواز آ رہی تھی
اخلاقی نتیجہ: پیسہ بولتا ہے

 استاد صاحب نے پوچھا کس کس نے گھر کا کام Home work کیا ہے؟ میں نے کام نہیں کیا تھا لیکن ہاتھ کھڑا کر دیا۔
اخلاقی نتیجہ: بندہ کام نہ کرے نیت تو کرے.

Ghiar Ikhlaqi batain, Ikhlaqi ntaij