اس سے قبل آپ پڑھ چکے ہیں کہ 2014 میں عالمی واقعات و حالات کیسے رہیں گے۔ اس بار اپنے برج کے حساب سے جانیے کہ اس سال آپ ستاروں کی روشنی میں کیسے نظر آ رہے ہیں۔طوالت اور مصروفیت کی وجہ سے اس بار پہلے پانچ بروج برج حمل، برج ثور، برج جوزا، برج سرطان اور برج اسد کا جائزہ لیا گیا ہے۔ باقی برج اگلی بار پیش کیے جائیں گے۔
برج حمل:
یہ سال اچھے اور برے اثرات دونوں اثرات لیکر آ رہا ہے۔زحل سیارہ آپ کے کیرئر کو مستحکم بنائے گا تو مشتری خانہ مال میں پٹواری (اصلی پیشہ ور پٹواری)بن کر بیٹھا ہے۔لہذا مال کی طرف سے مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔ اگر آپ کو سمجھ نہیں آ رہا کہ یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ کیرئر مضبوط ہو لیکن مال کمزور تو ہمیں بھی سمجھ نہیں آ رہا کہ کیا لکھا ہے آپ کو کیا سمجھائیں۔امسال چار چاند گرہن ہوں گے لہذا وہ حضرات جن کے سر پر چندیا نمودار ہوگئی ہے جنس مخالف سے ہوشیار رہیں کہ یہ گرہن سب کے سامنے بھی لگ سکتا ہے۔
صحت کے حوالے سے سال کے شروع میں انتریوں یا فوڈ پوائزننگ کا خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔جون جولائی میں کسی امراض کے مستقل لگنے کا اندیشہ ہے ۔ سردیاں شروع ہوتے ہی زکام اور نزلہ زور پکڑ سکتا ہے۔سال کا باقی عرصہ انشااللہ صحت کے حوالے سے بہترین ثابت ہو گا۔
سماجی تعلقات کے حوالے سے آپ کو انتہائی محتاط روش اختیار کرنی ہو گی لہذا انتہائی کوشش کریں کہ کسی کے ساتھ بات چیت نہ کریں ورنہ آپ چول مارنے سے باز نہ رہ سکیں گے اور لڑائی بھڑائی کی نوبت آ سکتی ہے۔
اس سال جن حمل افراد کی شادی ہو چکی ہے کے ہاں اولاد کا امکان ہے جبکہ لاٹری لگنے کا چانس بھی پچاس فیصد ہے کہ شاید لگ جائے شاید نہ لگے۔
شراکتی و ازدواجی معاملات اس سال بھی الجھے الجھے سے رہیں گے کہ آج تک کوئی بھلا آپ کے ہم سفر کو سمجھ پایا ہے جو آپ سمجھ پائیں گے لہذا جہاں ہے جیسا ہے کی بنیاد پر چلنا اچھا رہے گا۔
تعلیم کے لحاظ سے یہ سال ان حمل افراد کے لیے مشکل ثابت ہو گا جنکے امتحانات ہیں البتہ جن کے امتحان نہ ہوں گے ان کو تعلیمی سلسلے میں انشا اللہ کوئی مشکل نہ ہوگی۔
اس سال بھی نزدیکی سفر آپ کو اکثر درپیش آتے رہیں گے مثلاً بازار سے دہی لانا، مہانوں کے لیے بوتل لانا، باجی کو کالج چھوڑنا، گرلز کالج کے گیٹ تک جانا وغیرہ
منگنی شادی کے لیے یہ سال بہت خوش نصیب ہے مگر شرط یہ ہے کہ آپ اپنا جوڑا ڈھونڈنے میں اور اس کو منانے میں کامیاب ہو جائیں ۔
ورد خاص:صبح شام سات ہزار بار پہلے چھ کلمے۔ہمت ہے تو کر لیں
صدقہ: بندروں کو ہر اتوار کی شام شلجم کا حلوہ پکا کر کھلائیں۔
برج ثور: نیا سال گذشتہ سال کی نسبت بہتر ہوگا تاہم ہو سکتا ہے کہ نہ بھی ہو۔جون تک خانہ مال میں مشتری کی موجودگی مالی حالات کی بابت پریشانی کی نشاندہی کر رہی ہے تاہم جون کے بعد مشتری کی خانہ وبال میں موجودگی سے آپ مالی پریشانی کے عادی ہو جائیں گے۔ادھر بارہویں خانے کے حاکم مریخ کے رجعت میں آنے پر آپ کو افئیرز کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے لیکن زیادہ خوش ہونے کی ضرورت نہیں یہ افئیر آپ کا نہیں آپ کے بچوں کا ہوگا۔امسال ہونے والے گرہن آپ کے زائچوں کے اہم حصوں کو متاثر کریں گے اس لیے اپنا اپنا زائچہ اچھی طرح سنبھال کر رکھیں کہ اگلے سال کام آ سکے۔
صحت کے حوالے سے روزانہ سیب کھائیں اور امید رکھیں کہ انگریز سچ بولتے ہوں گے کہ ایک سیب روزانہ ڈاکٹر سے محفوظ رکھتا ہے تاہم اس بارے ایک رائے یہ بھی ہے کہ اس میں براہ راست گورکن سے معاملہ درپیش آ سکتا ہے۔
سماجی تعلقات کے حوالے سے آپ کا حاکم سیارہ زہرہ ایک زمینی سال سے کم عرصے میں ہی سورج کے گرد چکر مکمل کر لیتا ہے لہذا اچھے اور برے حالات دونوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے لہذا جب لوگ آپ کو دیکھ کر چل دیں سمجھ لیں کہ قصور آپ کی بری گفتگو یا نہ نہانے یا پرانی جرابیں پہننے کا نہیں بلکہ اس وقت زہرہ میں رات چل رہی ہے۔
ازدواجی معاملات میں اس سال اپنی بجائے بچوں پر نظر رکھیں کہ کہیں کوئی چاند نہ چڑھا بیٹھیں آپ کے بارے ستارے سب چین کی بنسری بجا رہے ہیں لہذا کھل کھیلیں لیکن دھیان میں یہ رکھیں کہیں آپ کا ازدواجی شریک کار بھی ثور نہ ہو۔
تعلیم کے لحاظ سے یہ سال ان بچوں کے اچھا ثابت ہو گا جو اسکول نہیں جاتے۔ وہ ٹی وی دیکھ دیکھ کر خوب تعلیم حاصل کرلیں گے جس میں زیادہ تر ہندی و ترک ڈراموں و گانوں بارے ہوگی۔
ویزا اپلائی کرنے سے قبل تسلی کرلیں کہ کہیں قمر در عقرب نہ لگا ہو۔ اگر ویزا نہ لگے تو اس کو دوش دیں اپنے کاغذات کو دیکھنے کی ضرورت قطعی نہیں۔
24 جنوری سے 21 اپریل تک کسی بھی منگنی ہو شادی سے پرھیز کریں۔ مزید برآں ہڑتال کے دنوں میں بھی شادی و منگنی سے پرھیز کریں باراتیوں کے تنگ ہونے کا اندیشہ ہے۔
ورد خاص:روز صبح نہار منہ راحت جان روح افزا بسم اللہ پڑھ کر پیئں ۔روح افزا کی عدم موجودگی میں کسی اور شربت سے بھی کام چل سکتا ہے تاہم شربت نما ٹھنڈی چائے سے پرھیز کریں۔
صدقہ۔ روز رات تین بجے قبرسان میں جا کر کچا گوشت قبروں پر ڈالیں۔
برج جوزا:امسال آپ کے زائچے میں اہم تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں۔ستارہ مشتری جس کو اور کوئی کام ہونے کے سبب وہ آپ کے بارہویں خانے میں مقیم تھا آپ کےطالع وبال میں جون میں آنے کے باعث آپ کی رہی سہی عزت بھی پانی میں ڈبونے کا پورا پورا انتظام کرے گا۔امسال سورج گرہن یوں سمجھیں آپ کی خواری کو ہی لگ رہے ہیں پس تیاری رکھیں اور مالش والش کرا کر رکھیں۔
آپ کا صحت کا حاکم سیارہ مریخ رواں سال رجعت پذیر رہے گا اور جون کے بعد گاڑی چلانے سے گریز کریں۔ یا تو ڈرائیور کر لیں یا پبلک ٹرانسپورٹ کا انتظام کر لیں کہ ہر دو صورتوں میں ہونے والے تنائج صدقے کے ضمن میں گنے جائیں گے۔24 اگست کے بعد کمر کے نچلے حصے میں تکلیف ہو گی کس جگہ یہ بتانا ابھی ممکن نہیں امید ہے کہیں نہ کہیں تو ہو گا۔
سماجی تعلقات کے حوالے سے یہ سال کسی امتحان سے کم نہیں اور امتحانات میں اپنی قابلیت سے تو آپ بخوبی واقف ہوں گے لہذا عزت اسی میں ہے کہ ایک سال کا بنواس لیکر جنگلوں میں نکل جائیں ۔یکم جنوری سے سترہ دسمبر تک گفتگو میں انتہائی محتاط رہیں اور سترہ دسمبر سے اکتیس دسمبر تک چھٹی کر کے گھر ہی بیٹھ جائیں تو اچھا ہے۔ویسے بھی سردیوں کی چھٹیاں آنے والی ہوں گی۔
اولاد کے حوالے سے یہ سال خوش قسمت ہے کہ اس سال آپ اولاد کی نعمت سے فیض یاب ہوں گے لیکن اس کے لیے شادی کرنا لازمی ہے۔ تاہم زیادہ خؤش ہونے کی بات نہیں کہ اصل میں ہر جگہ تو بے عزتی ہورہی ہے آپ کی اس لیے رہی سہی کسر پوری کرنے کو آپ کو اولاد بھی دے دی جائے گی کہ آپ بچ بھی جائیں تو بچے کوئی خانہ خالی نہ جانے دیں۔
اذدواجی تعلقات کے حوالے سے یہ سال انتہائی برا رہے گا۔ اگر آپ شوہر ہیں تو سوچ لیں بری ترین بیوی کیسی ہو گی یہ سال اس سے بھی برا رہے گا اور اگر آپ بیوی ہیں تو شوہر اس سال آپ کی بات نہیں سنے گا آپ دس کہیں گی وہ نو جوڑے لے دے گاجیسے آپ کمرے سے اٹھ کر باہر جائیں گی وہ چینل بدل دے گا لہذا سختی سے تاکید کی جاتی ہے کہ صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑا جائے۔
رواں سال پڑھنے والے بچے پاس ہو جائیں گے اور نہ پڑھنے والے بچے فیل ہو جائیں گے۔ تاہم ممتحن کے نشے میں ہونے اور ستارہ جوزاسے ہونے سے تنائج پر اثر پڑ سکتا ہے۔
جوزا افراد سیر سپاٹے کے ویسے ہی شوقین ہوتے ہیں لہذا اس سال ان کو سفر کرنا پڑ سکتا ہے۔بلکہ انگریزی و اردو دونوں سفروں کے لیے تیار رہیں۔ ویسے بھی اگر سفر قومی ایئر لائن پی آئی اے یا پاکستان ریلوے کے زریعے ہو تو دونوں سفور سے بیک وقت لطف اندوز ہو جا سکتا ہے۔
اس سال شادی کے خواہشمند جوزا افراد شادی یا منگنی کے رشتے میں بندھ جائیں گے یا باندھ دیے جائیں گے ۔ موٹی رسی لیکر مشق شروع کر دیں۔
ورد خاص:جل تو جلال تو آئی بلا کو ٹال تو اس سال لگ رہا ہے بنا ہی آپ کے لیے ہے۔
صدقہ:شیر کو اپنے ہاتھ سے دیسی گھی کے نوالے کھلائیں۔ شیر کی عدم دستیابی کی صورت میں بیوی سے کام چلایا سکتا ہے تاہم بیوی خود کی ہو۔
ستارہ سرطان:اس سال کی خاص بات آٹھویں گھر میں زحل کی موجودگی ہے جو کہ مشکلات پیدا کرے گی۔ آپ کا حاکم سیارہ مریخ بھی اس سال رجعت پذیر ہے لہذا صحت کی خرابی کا خدشہ بھی موجود ہے لیکن خدشے کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ ہو گیا تو ہماری واہ واہ نہ ہوا تو خدشہ ہی تھا شکر ہے نہیں ہوا۔
راہو کی موجودگی اور سحری اثرات کے باعث صحت کے مسائل سامنے آئیں گے اور اصل مسئلہ بدستور موجود رہے گا کہ آپ اصل مرض کو پہچان نہیں سکے۔ اصل مسئلہ بھائی آپ کا چڑچڑا پن ہے لہذا خوش اخلاقی اپنائیں تو آپ کی صحت بہتر ہو جائے گی وگرنہ بھرتے رہیں ڈاکٹروں کو پیسے ہمارا کیا جاتا ہے۔بندہ وہی پیسے بچا کر ہماری کتاب ہی خرید لیتا ہے۔
15 جنوری تا 9 فروری آپ خاندانی تقریبات میں بھرپور شرکت کریں گے بس دعا کریں کہ کوئی تقریب ہو جائے اب۔ فروری تا وسط اپریل آپ کو کاروباری مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ لہذا بہتر یہی رہے گا ان دنوں کاروبار سمیٹ کر سر منہ لپیٹے گھر میں پڑے رہیں۔امسال اکتوبر تا دسمبر خفیہ معاشقے سامنے آ سکتے ہیں اور آپ کو بدنامی کا سامنا کر پڑ سکتا لہذا بڑوں کی نظر میں آپ بدنام جبکہ بوڑھوں کی نظر میں قابل عزت ہوں گے کہ یار اس کے ساتھ کیسے پھنس گئ۔
انعامی بانڈ جیتنے کے خواہشمند سرطانی افراد کے لیے مئی تا ستمبر کا مہینہ بانڈ خریدنے کا اچھا ہے تاہم جیتنے کا مہینہ بتانا مشکل ہے۔
تعلیمی لحاظ سے یہ سال خاصا مشکل ثابت ہو سکتا ہے بلکہ ایسا بھی ممکن ہے کہ تعلیمی سلسلہ منقطع ہو جائے تو منصوبہ ب کے تحت لڑکے کوئی گیراج کوئی ہوٹل کام کرنے کو ڈھونڈ رکھیں جبکہ لڑکیاں شوہر تلاش کرنا شروع کر دیں۔
8 فروری تا 25 جون زحل کی رجعت کے باعث آپ کے معاملات التوا اور تاخیر کے شکار ہو سکتے ہیں لیکن گبھرائیں نہیں کہ ویسے آپ نے کونسے تیر مار کررکھیں جو التوا اس کو مزید برا بنا دے گا۔
امسال آپ کو منگنی و شادی کے کئی ایک مواقع حاصل ہوں گے۔ یوں تو آپ سال کے تین سو پینسٹھ دن منگنی و شادی کر سکتے ہیں لیکن دھیان رہے کہ یہ اکیلے بندے کا کام نہیں لہذا دعا کریں شادی شدہ حضرات کی بد دعاعیں قبول نہ ہوں اور شادی کا معاملہ بھی التوا پذیر ہی رہے۔
ورد خاص:آپ پانچ وقت نماز ہی پڑھ لیں آپ کی مہربانی
صدقہ: ہر ہفتے میں ایک بار کتاب شجر محبت خریدیں اور کسی لائبریری میں جمع کرا دیں۔
برج اسد: 2014 آپ کے لیے نئی تبدیلوں کا سال ہو گا۔اس سال کی سب سے اہم بات مشتری کی گیارہویں گھر میں آمد ہے جو کہ آپ کی خواہشات کی راہ میں رکاوٹ بنے گی علاوہ ازیں چوتھے گھر میں راہو کی آمد بھی مسائل میں اضافے کا سبب بنے چھٹے اور ساتویں گھر کے حاکم زحل گو آپ کے لیے آسانیاں مہیا کرے گا مگر فروری اور جون آخیر میں اس کی رجعت بھی کوئی اچھی خبر نہیں۔ گی لہذا اپنے ہمسائے گھروں پر کڑی نگاہ رکھیں اور کسی ہنگامی صورتحال میں ون ون ٹو ٹو 1122 فون کریں۔
آپ کے بیت الصحت کا حاکم گذشتہ سال کی طرح امسال بھی شرفی گھر میں رہتے ہوئے آپ کی صحت پر مثبت اثرات پیدا کر رہا ہے مگر جنوری میں پہلے شمس کا گرھن اور پھر زحل کی رجعت آپکی صحت پر انتہائی منفی اثرات مرتب کرے گی۔آپ کو امراض معدہ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے لہذا کھانے پینے پر خاص توجہ دیں وگرنہ قبض لگنے کا اندیشہ لاحق ہے۔جولائی میں زحل کے عروج پر آنے سے معدہ کے دوسری سمت والے امراض ہونے کا خطرہ ہے تو ایسی صورت میں اسہال و قے وغیرہ لاحق ہو سکتے ہیں ۔ حفاظتی اقدام کے طور پر او آر ایس گھر میں رکھیں۔
ابتدائے سال سے ہی آپ طبعیت میں بے چینی محسوس کریں گے اور لوگوں سے اکھڑے اکھڑے رہیں گے لیکن اس کا معاملہ کسی سیارے سے نہیں بلکہ آپ کے نظام انہظام سے ہے لہذا بہتر ہوگا کسی مناسب ماہر امراض معدہ کو دکھائیں اور قبض کا شافی علاج کرائیں تاکہ آپ کے سماج تعلقات بہتر نہج پر گامزن رہیں۔
راہو چونکہ آپ کے پانچویں گھر میں موجود ہے لہذا بچوں ہوں یا نا ہوں دونوں صورتوں میں بچوں سے متعلق مسائل کا سامنا کرنے کو تیار رہیں۔
امسال آپ کو کئی ایک سفر کرنے پڑ سکتے ہیں مگر 9 فروری تا 9 مارچ احتیاط کریں۔
بیرون ممالک سفر کرنے والوں کو لڑائی جھگڑے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے لہذا پی آئی اے سے پرواز کرنے سے گریز کریں مزید امیگریشن حکام کے تدارک کے لیے دوران سفر ہزار کا نوٹ بطور صدقہ ایف آئی اے و امگریشن حکام کو دینے کو تیار رکھیں۔
تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کو جنوری تا 25 دسمبر مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے باقی سال تعلیمی حساب سے بہتر رہے گا۔
امسال آپ کو منگنی و شادی کے لحاظ سے سیارگان کی بہتر پوزیشن میسر نہ ہوگی اور یہاں بھی راہو ڈنڈی مارنے کو تیار رہے گا اور جیسے ہی کوئی رشتہ تیار ہو گا پانچویں گھر میں راہو رشتہ لے اڑے گا۔بہتر یہی ہے کہ کنوراے مرد اسد حضرات کھانا پکانا سیکھ لیں اور اسد خواتین جو رشتوں کی تلاش میں ہیں اگلی کلاسوں میں داخلہ لینے کی تیاری کریں۔
گوکہ اسد حضرات کی ساڑھ ستی گزرے خاصا عرصہ ہو چکا ہے لیکن آپ اس نحوست کے عادی ہو چکے ہیں جیسے رمضان میں شیطان کی قید کے باوجود ہم پورے زور و شور سے گناہ کرتے رہتے ہیں۔لہذا آہستہ آہستہ آپ اس نحوست سے عادی ہوتے جائیں گے ۔
ورد خاص: کالا سیاہ کالا میرا کالا ہے نصیب حسب توقع گنگاتے رہیں
صدقہ:ہر دس روز بعد کالے بکرے کے پائے لیکر سمندر میں بہائیں۔ جن کو سمندر کی سہولت میسر نہیں وہ بلاگ ہذا کے نام ہر ماہ سات سو سینتیس روپے کا ڈرافٹ بھیجوائیں۔ نیک نیتی اور خوف خدا کی بنیاد پر ان کے صدقات سمندر برد کر دیے جائیں گے۔