اس سے قبل آپ پڑھ چکے ہیں کہ 2014 میں عالمی واقعات و حالات کیسے رہیں گے اور پہلے پانچ بروج برج حمل، برج ثور، برج جوزا، برج سرطان اور برج اسد کا جائزہ ۔ اس بار اپنے اگر آپ کا تعلق برج سنبلہ، برج میزان سے، برج عقرب سے ، برج قوس سے، برج جدی سے، برج دلو سے یا برج حوت سے ہے تو برج کے حساب سے جانیے کہ اس سال آپ ستاروں کی روشنی میں ہماری تفسیر کے مطابق کیسے نظر آ رہے ہیں۔
برج سنبلہ:برج سنبلہ سے منسلک افراد گذشتہ چھ سال سے ساڑھ ستی میں مبتلا ہیں اور اب تک تو آپ کو بری خبریں سننے کی عادت پڑ چکی ہو گئی لہذا ہمارا مخلصانہ مشورہ یہ ہے کہ آئندہ سال کیسا رہے گا کا پروگرام مزیددو سال کے لیے ملتوی کر دیں کہ حالات جوں کے توں ہی رہیں گے۔زحل کے اثرات کی وجہ سے آپ کو رکاوٹوں اور بندشوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ماسوائے ان کے جن کے پیدائش کے زایچے میں زحل سعد حالت میں واقع ہوگا لہذا کسی جوتشی سے رابطہ کرکے آج ہی دے دلا کر زحل کو سعد حالت میں لائیں تاکہ کچھ بہتری کا امکاں پیدا ہو سکے۔اس سال کی خاص بات جو سابقہ سالوں سے ممتاز ہے وہ مشتری کی آپ کے خانہ اعمال میں آمد ہے لہذا اب تو جو تھوڑی بہت کسر بچی تھی اس کے پورا ہونے کے لیے بھی تیار ہو جائیں ۔
اکثر سنبلہ افراد کو کمر درد اور معدے کی تکالیف کی شکایت رہی ہیں لیکن اس کی بنیادی وجہ ڈپریشن ہے اور لہذا پرسکون رہنے کی کوشش کریں اس سلسلے میں روحانی طریقہ علاج ، صدقہ یا پھر اس بلاگ کا مستقل قاری ہونا فائدہ پہنچا سکتا ہے۔ ڈپریشن کا آسان حل فیس بک اور ٹوئیٹر بھی ہیں جہاں آپ جی بھر کے کسی خاتوں کے نام سے آئی ڈی بنا کر ہزاروں ہمدردیاں سمیٹ سکتے ہیں۔
سماجی تعلقات کے حوالے سے بھی یہ سال کوئی خاص اچھا نہیں۔والدین، بیوی بچوں، شوہر، بہنوں بھائیوں، رشتہ داروں، دوست، احباب، کولیگ، جان پہچان والوں ، ملنے جلنے والوں، شراکتی کاروبار والوں سے تعلقات میں سرد مہری اور لڑائی جھگڑا رہے گا۔
امسال بے اولاد سنبلہ افراد کےلیے خوشی کی خبر لائے گا اب ہو سکتا ہے وہ خوشی کی خبر آپ کے گھر کی بجائے ہمسایوں کے گھر، بہن بھائیوں کے گھر، دوستوں یاروں کے گھر ہو لیکن کہیں نہ کہیں سے بچے پیدا ہونی کی خوشی ضرور میسر آئے گی۔ انعامی بانڈ کے شائقین کے لیے اس سال بڑا انعام لگ سکتا ہے لیکن اس کے لیے مناسب وقت انتہائی ضروری ہے۔ اگر انعام لگ گیا تو سمجھ لیں کہ مناسب وقت تھا وگرنہ نہیں۔
اس سال کئی چھوٹے سفر پیش آسکتے ہیں۔ امیگریشن اپلائی کرنے والے اور ویزا اپلائی کرانے والے یکم جنوری سے اکتیس دسمبر کے دوران ویزا اپلائی کرنے سے گریز کریں۔
تعلیمی لحاط سے سبلہ طلبہ کو وقفے وقفے سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور یہ وقفہ ایک امتحان سے دوسرے امتحان تک محیط ہو گا۔
امسال آپکی منگنی طے ہونے کے قوی امکانات ہیں لہذا کپڑے شپڑے سلوا کر تیاری کر لیں کہ اصل تیاری تو یہی ہے باقی رشتہ کہیں نہ کہیں سے آہی جائے گا۔
زحل کے حاکمیت میں آنے کے باعث رواں سال پیسوں کے لحاظ سے مثبت رہے گا اب اللہ پوچھے کہ بھائی اگر پیسوں کا حال ٹھیک رہے گا تو باقی کیا پریشانی ہے۔ لہذا ہو سکتا ہے کہ پیسے آئیں ملیں لیکن راستے میں کوئی آپ کی جیب کاٹ لے، کوئی بندوق دکھا کر پیسے کھینچ جائے یا جس بنک میں پیسے رکھیں وہ ہی دوالیہ ہوجائے۔
ورد خاص:ایک براہمن نے کہا ہے یہ سال اچھا ہے غزل روز چار بار سنیں۔
صدقہ: کچھ بچنے کا امکان ہی نہیں تو آپ صدقہ کہاں سے دیں گے۔لہذا جو لٹ جائے اس کو صدقہ سمجھ کر چپ ہو جائیں۔
برج میزان:ماشااللہ سے آپ بھی ساڑھ ستی کے دور سے گزر رہے ہیں لہذا حالات آہستہ آہستہ سخت ہوتے جا رہے ہیں۔ امسال اکتوبر میں ساڑھ ستی کے تیسرے دور کا آغاز ہو جائے گا دوسری طرف جون میں مشتری نویں گھر میں آنے سے مزید ابتری پیدا ہو گی طالع کے حاکم سیارہ زہرہ کی رجعت سے اور مریخ کے وبال سے اور سورج و چاند گرہنوں سے گویا آپ کی زندگی مملکت پاکستان کی سی تصویر نظر آئے گی۔
آپکی صحت کا حاکم سیارہ مشتری آٹھویں گھر میں رہتے ہوئے آپ کو ذہنی دباؤ میں رکھے گا کہ آپ کا حاکم سیارہ آپ کے گھر کی بجائے دوسروں کے گھر میں کیا کر رہا ہے۔رواں سال آپ کو جسم کے کسی حصے میں تکلیف کا اندیشہ ہے لہذا میڈیکل اسٹور والے سے راہ رسم برقرار رکھیں۔
سماجی تعلقات کی بربادی کے لحاظ سے ویسے ہی لوگ آُپ کے غیر سنجیدہ رویے سے تنگ ہیں تو باقی یہ ساڑھ ستی اور رجعت مجعت کچھ نہیں بگاڑ نہیں سکتی لہذا اپنے جامےمیں رہنے کی کوشش کریں تو اچھا رہے گا۔
امسال آپ کو اولاد کی خوش خبری ملنے کا امکان ہے ۔ رواں سال کہیں سے پلاٹ وغیرہ نکلنے کا بھی امکان ہے لہذا وہ میزان افراد جو مالی کے شعبہ سے منسلک ہیں اس سال ان کو گھاس کاٹنے کا کام مل سکتا ہے۔ انعامی بانڈ کے حوالے سے اس سال کوئی خوش خبری مل سکتی ہے اس صورت میں صدقہ کے لیے دس فیصد اس فقیر کا حصہ نکالنا نہ بھولیے گا۔وہ میزان افراد جن کی اولاد نہیں ان کے لیے یہ سال اولاد کی طرف کسی پریشانی کی خبر ملے بغیر پرسکون گزرے گا۔
ابتدائے سال سے ہی ازدواجی زندگی پریشانی میں مبتلا نظر آرہی ہے اور آپ کے خلاف سازش کرنےوالوں کو منہ کی کھانی پڑی گی کہ ان کی سازش سے پہلے ہی آپ کی زندگی کا سکون برباد ہو چکا ہوگا۔
امسال میزان بچوں تعلیمی لحاظ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ پہلے راہو کی آمد اور پھر مشتری کی وجہ سے اس سال پڑھائی متاثر رہے گی البتہ لکھائی بارے زائچہ خاموش ہے۔
امسال آپ کو نزدیکی سفر بھی درپیش آئیں گے اور ان میں مشکلات بھی ملیں گی۔ مثلاً آپ سبزی لینے جائیں گے اور راستے میں یار دوست کے نرغے میں فلم دیکھنے یا آوارہ گردی پر نکل جائیں گے اور واپسی پر غیر شادی شدہ امی سے اور شادی شدہ نکی امی سے حسب توقع عزت پائیں گے۔
امسال آپ کو کئی بار منگنی کے مواقع ملیں گے لیکن ہر بار اگلی یا اگلا کنی کترا کر خوش قسمتی سے بچ جائے گا اور آپ کی تلاش بدستور جاری رہے گی۔
اگر آپ صدقات دیتے رہے تو رواں سال معاشی اعتبار سے اچھا رہے گا لہذا آج ہی بنک جا کر ڈرافٹ اس بلاگ کے نام سے روانہ کریں اکاؤنٹ نمبر کے لیے پرائیوٹ میسج کریں۔
ورد خاص:روزآنہ بعد از نماز پنجگانہ سو بار ناک سے سخت زمین پر لکیریں کھینچ کر اپنے برے اعمال سے توبہ کریں۔
صدقہ: ہر پیر کی رات مینڈکوں کو پتنگے کھلائیں۔
برج عقرب : اس سال سے آپ بھی ساڑھ ستی والے خوش نصیب برجوں میں شامل ہونے جا رہے ہیں اور یہ سال آپ کے لیے انوکھا تجربہ ہوگا لیکن گھبرانے کی بات نہیں ابھی سات سال آپ کو ایسے اور اس سے بھی برے حالات کا سامنا کرنا پڑے گا۔زحل اس سال بارہویں گھر میں رہتے ہوئے آپ کے خلاف سازشوں کا بازار گرم کرتا رہے گا جس سے زحل کی عقل پر ماتم کرنے کو دل کرتا ہے کہ آپ کونسے ایسے وزیر اعظم یا صدر ہیں جو آپ کے خلاف سازشیں کی جائیں۔مشتری بھی ہوشیار باش کا نعرہ لگاتا ہوا حالت وبال میں نظر آتا ہے جس سے ساڑھ ستی پوری طرح قدم جماتی نظر آتی ہے جبکہ یاد رہے آپ کا برج تو وہ خوش نصیب ہے جس کے نام پر قمر در عقرب رکھا گیا ہے کہ آپ تو ویسے ہی ہر ماہ دوسروں کا بییڑہ غرق کرتے ہیں اب خود بھگت کر دیکھیں۔
صحت کے حوالے سے رواں سال آپ کو کئی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور ڈاکٹروں کے پھیرے بھی لگانے پڑیں گے لہذا فیسوں شیسوں کے پیسے جوڑ کررکھیں اور دل کی تسلی کو تمام مریضان کو عقرب سمجھ کر خؤش ہو لیں۔
سماجی تعلقات کے حوالے سے بھی رواں سال خاصی پریشانی رہے گی اور آپ کا چڑچڑا پن تمام ستاروں اور سیاروں کی نسبت زیادہ عروج میں رہے گا اور آپ کے ڈسنے کی علت بھی انتہائی مہارت پر نظر آئے گی۔
بچوں کے حوالے سے رواں سال خاصی پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا چھوٹے بچوں کو اسکول کے لیے ہر ہفتے نئی پنسل کاپی لے کر دیناپڑ سکتی ہے جبکہ بڑے بچوں کو ہر ہفتے موبائل کارڈ کی ضرورت پڑ سکتی ہے لہذا پہلے سے ممکنہ پیش بندی کرلیں۔
امسال آپ کے لیے نزدیکی سفر کی راہ کھلی ہے تاہم لمبے سفر کے شوقین افراد گھوڑی چھاؤں پر ہی باندھ کر رکھیں اور سکون سے گھر بیٹھیں۔
تعلیمی لحاظ سے آپ کے بچوں کے لیے جو عقرب نہیں یہ سال اچھا رہے گا البتہ عقرب افراد کو ملے جلے رجحانات کا سامنا کر پڑسکتا ہے۔
آپ کے شراکتی و ازدواجی معاملات کا حاکم شرفی گھر میں رہتے ہوئے آپ کی زندگی کو خوشیوں سے بھر دے گا لہذا پہلی فرصت میں شرفی کا گھر تلاش کریں تاکہ مطلوبہ خوشیاں پا سکیں۔
منگنی و شادی کے لیے رواں سال محض 17 اپریل سے 21 مئی تک کا عرصہ میسر ہے البتہ باقی دنوں میں بھی منگنی و شادی ہو سکتی ہے کوئی حکومت نے شادی و منگنی پر پابندی تھوڑی لگا رکھی ہے۔
آپ کے کیرئر کا حاکم سیارہ شمس بہتر حالت میں نہیں لہذا رواں سال مالی لحاظ سے تنگی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔کوشش کریں کہ شمس کی حالت بہتر ہو سکتے تو اس کو نئے کپڑے اور جوتے دلا دیں تاکہ اس کی حالت بہتر ہو سکے اگر ہوسکے تو حسب توقع مالی امداد بھی کردیں۔
وردخاص:کسی ویران کنویں کے گرد جس کے گرد بیرونی دیوار نہ ہو ہر ماہ کم از کم ایک بار سوچکر دوڑ کر لگائیں۔ دوران چکر سر کو گھماتے رہیں اور ساتھ باآواز بلند دوہراتے رہیں" میں پاگل ہوں میں پاگل ہوں"۔
صدقہ:ہر ہفتے میں ایک دن اپنے میاں/بیوی کے احکامات چپ چاپ مانیں ۔
برج قوس: اس سال کی سب سے اہم بات دونوں بڑے سیاروں مشتری اور مریخ کی اگلے گھروں میں تبدیلی ہے۔ 2012 سے لگنی والی ساڑھ ستی اب تک آپ کے اعمالوں میں بری طرح سرایت کرچکی ہو گی اور چھوٹے موٹے مسائل کی اب تک آپ کو فکر ہی نہ ہوتی ہوگی۔امسال لگنے والے ہر گرہن آپ کے برج کو بری طرح متاثر کریں گے لہذا گرہنوں پر خاص نظر رکھیں اور یاد رہے گرہن پر نظر ایکسرے فائل کے زریعے رکھیں کہ ننگی آنکھ سے دیکھنے پر بینائی متاثر ہو سکتی ہے۔
20 اکتوبر تا 23 نومبر کے علاوہ سارا سال صحت کے معاملات خراب رہیں گے۔ 20 اکتوبر تا 23 نومبر کے دوران صحت خراب ہی رہے گی لیکن باقی معاملات میں الجھ کر آپ کو صحت بھول جائے گی۔
سماجی تعلقات کے حوالے سے راہو کی موجودگی اس سال آپکی طبعیت مییں چڑچڑاپن اور اکتاہٹ پیدا کرے گا جس سے سماجی تعلقات متاثر ہوں گے۔ اس سال آپ کے رشتہ داروں سے تعلقات بھی کشیدہ ہوں گے اور محبت کے قصے بھی زبان زدو عام ہو سکتے ہیں لہذا وقت آن پہنچا ہے جب آپ کی لمحوں کی غلطیاں صدیوں کی سزا دینے آن پہنچیں گی۔
بچوں کے تعلقات کے حوالے سے بھی یہ سال اچھا نہ رہے گا۔ چھوٹے بچے ہوں یا بڑے بچے آپ مزید بچے نہیں رہیں گے اور کسی نہ کسی طرح ان کے حوالے سے پریشان رہیں گے۔
انعامی بانڈ کے شوقین افراد کے درست وقت پر خریداری اہمیت کی حامل ہے کہ جب انعام نکلے سمجھ لیں کہ وہی درست وقت تھا۔
لوگوں کے لمبے سفر میں رکاوٹیں ہیں آپ کو نزدیکی سفر میں مشکلات پیش آئیں گی تاہم لمبے سفر کے لیے راستہ کھلا رہے گا بس ویزا وغیرہ مل جائے باقی کوئی مسئلہ نہیں۔ویزے کے حوالے سے مشکلات دور کرنے کے لیے بزریعہ لانچ سفر کرنا مناسب رہے گا۔
تعلیمی حساب سے یہ سال اچھا رہے گا اور جو قوس خؤاتین و حضرات اپنا تعلیمی کیرئر مکمل کر چکے ہیں ان کے لیے تو تعلیمی لحاظ سے یہ سال شاندار رہے گا۔
امسال آپ کے شراکتی و ازدواجی معاملات میں انتہائی تیزی سے تبدیلیاں آئیں گے لہذا عین ممکن ہے کہ آپ کا چکر کسی سے چل رہا ہو، منگنی کسی سے طے ہو جائے ، منگنی ہو کسی اور سے لیکن شادی کر کے گھر کوئی اور آن پہنچے۔ وہ خواتین جن کے شوہر قوس ہیں کے لیے محتاط رہنے کی استدعا ہے کہ کوئی پتہ نہیں اس تیزی کی بنا پر سال کے آخیر تک وہ دو تین سوکنیں جمع کیے بیٹھی ہوں۔
یہ سال آپ کے کیرئر کے لحاظ سے ان سالوں کے مقابلے جو اس سے کم سخت رہے ہیں سخت ترین سال ہے تو ضروری ہے کہ سوچ سمجھ کر کام کریں یہ نہ ہو لینے کے دینے پڑ جائیں۔
ورد خاص: صبح شام اساڑھے سولہ بار ایک آنکھ بند کرکے لارا لپا لارا لپا لائی رکھدا با آواز بلند سر میں پڑھیں۔
صدقہ: ہر جمعرات کو ایک کلو بڑے گوشت پر ہلدی لگا کر دانتوں سے چبا کر گیدڑوں کو ڈالیں۔
برج جدی:گذشتہ سال آپ کے خانگی و اذدواجی معاملات کے حساب سے خاصا صبر آزما رہا ہے تاہم یہ سال اچھا رہے گا اور امید ہے اس سال آپ کی طلاق ہوجائے گی اور آپ کی پریشانیاں دور ہو سکیں گی۔چونکہ آپ کا حساب سارے جہان سے الٹا ہے کہ جب سب کو زحل نقصان پہنچا رہا ہوتا ہے تو آپ کا حاکم سیارہ ہونے کی وجہ سے آپ کو فائدہ مل رہا ہوتا ہے اور جب سب بہتی گنگا سے ہاتھ دھو رہےہوتے ہیں تو آپ بھوکے بیٹھے ان کا منہ تک رہے ہوتے ہیں لہذا زحل کی ساڑھ ستیوں کا فائدہ اٹھائیں اور باقیوں کا نقصان آپ کا فائدہ ہے لہذا کر لیں عیاشیاں جب تک داؤ لگے۔
راہو و کیتو آپ کے خانہ صحت میں موجود ہیں جس وجہ سے صحت متاثر ہونے کا امکان ہے تاہم اگر آپ تھوڑا کھانا شروع کر دیں تو آپ کو پیدائشی لاحق معدے کا مرض کم ہو سکتا ہے۔ لیکن جب نام ہی راہو کیتو کا ہے تو خیر ہے پیٹ بھر کر کھائیں معدہ خرابی کے تو آپ عادی ہو ہی چکے ہیں۔
امسال سماجی تعلقات کے حوالے سے احتیاط کریں۔ اس سال آپ تقریبات میں بھی شرکت کریں گے اور ساتھ ہی آپ کے خفیہ معاشقے بھی منظر عام ہر آنے کا امکان ہے۔آپ کے بہن بھائیوں سے بھی تعلقات متاثر ہونے کا امکان ہے ۔ تو اس سے پہلے کہ خفیہ معاشقے منظر عام پر آپ کو نقصان پہنچائیں آپ ان کو خفیہ ہی نہ رہنے دیں نہ خفیہ معاشقے ہوں گے نہ نقصان ہوگا۔
تعلیمی لحاظ سے یہ سال اچھا نہ رہے گا ۔ آپ کی روایتی کاہلی آڑے آتی رہے گی اور آپ پڑھائی کو ٹالتے رہیںگے حتی کہ امتحانات آن پہنچیں گے اور تُکے لگا لگو کر آپ بمشکل پاس ہوسکیں گے۔
اس سال جدی افراد کو اولاد کی خوش خبری مل سکتی ہے تاہم بچوں کی صحت متاثر ہونے کا امکان ہے۔
امسال آپ کو نزدیکی سفروں سے گریز کرنا ہوگا۔وہ افراد جو جعلی دستاویزات پر بیرون ممالک سفر کررہے ہیں وہ خاص احتیاط کریں کہ کسٹم والے خاص جدی افراد پر نظر رکھ کر کھڑے ہوں گے کہ کوئی جدی کم از کم نہ گزرنے پائے۔
آپ کے شراکتی و ازدواجی معاملات کا حاکم سیارہ قمر ہے جو کہ ہر ماہ اچھے اور برے حالات سے گزرتا ہے لہذا جب آپ گھر سے باہر ہوتے ہیں آپ کے اچھے حالات ہوتے ہیں اور جب گھر میں ہوتے ہیں تو برے حالات ہوتے ہیں ۔
شراکتی معاملات میں اس سال نئی شراکت داری ہوتی نظر آرہی ہے۔ اب نظر تو آ رہی ہے ہونا نہ ہونا اللہ کی مرضی۔
چونکہ آپ کا ستارہ عروج پر ہے لہذا اس سال آپ کی شادی نہ ہوسکےگی۔
تمام بروج میں اس سال آپ سب سے خوش قسمت ہیں لہذا اس سال تمام لوگوں میں سے آپ کی ہی ترقی ممکن ہے۔ بس جس کی ترقی ہو سمجھ لیں وہ جدی ہے۔
وردخاص:صبح سویرے سورج نکلنے سے قبل مرغا بن کر مرغے کی آواز نکالیں حتی کہ ہمسائے دروازہ کھڑکا کر ناہنجار مرغے کو خاموش کرانے کا نہ کہہ دیں۔
صدقہ:آستین کے سانپوں ، کالی بھیڑوں اور گندی مچھلیوں کو ہر جمعرات رات کو بھنے ہوئے چنے کھلائیں۔
برج دلو:گذشتہ سال ستمبر سے ہی مریخ کی رجعت کے باعث آپ کا کیرئر متاثر رہا ہے ادھر مشتری نے اخراجات میں اضافہ کر رکھا ہے لہذا پہلے تو مشتری کو باہر نکالیں جس نے آپ کا خرچہ بڑھا رکھا ہے اور ساتھ ہی مریخ سے بھی نجات حاصل کریں جس نے آپ کے باس کو الٹی سیدھی لگا کر آپ کے خلاف بھڑکا رکھا ہے۔ادھر زحل بھی آپ سے ناخوش ناخوش سا لگ رہا ہے بھائی کسی سے تو بنا کر بھی رکھا کریں سارے ہی آپ سے تنگ آئے بیٹھے ہیں۔
آپ کی صحت کا سیارہ بھی قمر ہے جو ہر ماہ اچھے و برے حالات سے گزرتا ہے ۔تو ہر ماہ کبھی آپ کی صحت اچھی ہوتی ہے کبھی خراب ہوتی ہے۔ گھبرانے کی ضروت نہیں بیماریوں سے عادی ہو کر اب تک آپ خود ڈاکٹر بن چکے ہوں گے۔
آپ کے بیت الاقربا کا حاکم سیارہ مریخ ان دنوں انسانو ں کی زد میں ہے لہذا رجعت میں رہے گا اور عزیز و اقارب سے کشیدگی پیدا کرتا رہے گا ۔ آپ کا اپنا حاکم سیارہ زحل بھی رجعت میں ہونے سے آپ کا ذاتی تشخص بھی متاثر ہو گا۔
21 مارچ کے بعد شمس خانگی مسائل کے حل کی خبر لائے گا اور اس سلسلے میں اہم کردار سسرالی رشتہ دار ادا کریں گے لہذا اپنی سالیوں سے پہلے سے زیادہ بنا کر رکھیں اور بیویاں شوہروں کی بجائے ساس کو ہاتھ میں کرنے کی کوشش کریں کہ ایک بار ساس کے ساتھ سیٹنگ ہو گئی تو شوہر کی حالت دھوبی کے کتے سے بدتر ہو جائے گی۔
ابتدائی تعلیم حاصل کرنے والے طلبا کو پہلے چھ ماہ اور وہ طلبا جو اس چھ ماہ میں ابتدائی سے اعلیٰ تعلیم میں پہنچ جائیں گے کو اگے چھ ماہ تعلیمی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
اس سال بچوں کی وجہ سے خاصی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کہ چھوٹے بچوں میں ضد کا عنصر نمایاں رہے گا اور بڑے بچوں میں فضول خرچی کی وجہ سے آپ کو پریشانی اٹھانا پڑے گی۔ لیکن اگر آپ چاہیں تو روایتی والد صاحب بن کر تمام مشکلات سے چھٹکارہ پا سکتے ہیں کہ جہاں میں بڑی چیز ہے جھانپڑ۔۔۔روز روز کی پریشانی سے ایک ہی بار پریشانی اچھی۔
لاٹری کی ٹکٹ لینے والے سوچ لیں کہ کبھی ان کو ویگن یا بس کی ٹکٹ کام نہیں آئی اور ان کو کھڑے ہو کر سفر کرنا پڑتا ہے لاٹری کی ٹکٹ کیا خاک نکلے گی۔
امسال آپ کو نزدیکی سفر میں خاص احتیاط سے کام لینا ہوگا۔ بہتر ہو گا کہ کڑک مرغی کی طرح گھر میں ہی بیٹھ جائیں تو اچھا ہے کہ نوکری کاروبار جاتی ہے تو جائے مگر دوران سفر پریشانی نہ ہونے پائے۔
امسال آپ کی منگنی و شادی ہونے کا وقوی امکان ہے لہذا وہ خواتین جن کے شوہر دلو ہیں اپنے شوہروں پر کڑی نگاہ رکھیں کہ بعد میں پچھتانا نہ پڑے۔
رواں سال آپ کو شراکتی معاملات میں خوب کامیابی ملے گی اور نئی نئی شراکتیں طے پائیں گی ۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ ایسی کھیل کا انتخاب کیا جائے جس میں دو کھلاڑیوں کی ٹیم کی ضرورت ہوتی ہے۔ البتہ کاروباری شراکت داری کوئی ایسی خاص نہیں نظر آ رہی۔
کاروبار و روزگار کے حوالے سے یہ سال ملا جلا رہے گا کہ نوکری سے نکالے نہ گئے تو نوکری چلتی رہی گی اور کاروبار ٹھپ نہ ہوگیا تو کاروبار بھی چلتا رہے گا۔
ورد خاص: کسی بھی ویران درخت اور ویرانے میں موقع دیکھ کر پیشاب کرتے رہیں اور یوں آپ پر جن آنے کے واثق امکانات ہیں پھر اس کو قابو کر کے اپنے مقاصد کی تکمیل کرائیں۔
صدقہ: ہر نظر آنے والی شادی میں گھس کر پانچ سو روپے کی سلامی پیش کریں۔
برج حوت:رواں سال کی سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس بلاگ کو بہترین اردو بلاگ کے ایوارڈ سے نوازا گیا لیکن آپ کے برج کی سب سے اہم بات یہ ہے حاکم سیارہ مشتری رجعت میں ہے جس سے آپ کیرئر اور شخصی وقار انتہائی متاثر ہوگا۔ امسال چاروں گرہن آپ کے گھر میں لگیں گے جس آپ خود اندازہ لگا سکتے ہیں کہ اس سال آپ کا کیا حال ہونے والا ہے ۔
آپ کے بیت الصحت کا حاکم سیارہ 20 مئی تک منفی پوزیشن میں رہتے ہوئے آپ کے تکالیف پیدا کرے گا ۔ ٹانگوں اور آنکھوں کے مرض کا خاص اندیشہ ہے لہذا تنبیہ کی جاتی ہے کہ چلنے سے اور دیکھنے سے جتنا ممکن ہو پرھیز کریں۔ رواں سال ہونے والے سورج گرہنوں کو نظر میں رکھیں وگرنہ صحت متاثرہ ہونے کا امکان ہے۔ نظر میں رکھنے کی تفصیل ہر شخص کی انفرادی ہے کہ کوئی اساڈے اتے وی اکھ رکھ وے اور کوئی نظر نظر سے ملا کر ----پیتے ہیں کہ مطابق نظر رکھتا ہے۔
امسال آپ کو اپنے سماجی تعلقات میں احتیاط برتنی ہوگی۔ اگر آپ نے کسی سے اونچی آواز میں بات کی تو آپ کو بھی جواباً اونچی آواز میں بات سننا پڑ سکتی ہے، کسی کو گالی بکی تو جواباً گالی پڑ سکتی ہے اور جہاں ہاتھا پائی کی وہاں ہاتھ و پاؤں کی سلامتی خطرے میں پڑ سکتی ہے ۔یہ کفیت آغاز سال سے اختام سال تک برقرار رہے گی۔
تعلیم کے حساب سے یہ سال ملا جلا رہے گا۔ وہ بچے جو پڑھیں گے اور محنت کریں گے باآسانی پاس ہو جائیں گے اور وہ بچے جو نہیں پڑھیں گے اور امتحانات کی محنت فقط کپڑے استری کرنے، جوتے پالش کرنے اور میک اپ وغیرہ پر لگائیں گے باآسانی پاس نہ ہوسکیں گے۔
اولاد کے مطمنی افراد کو اس سال خوش خبری مل بھی سکتی ہے اور نہیں بھی مل سکتی۔ جو لوگ بانڈز اور انعامی اسکیموں میں پیسہ لگانے کے شائق ہیں ان کا لاٹری لگنے کا امکان اس سال پچاس فیصد ہے۔
اس سال سفر کے دوران آپ کو محتاط روش اختیار کرنی ہو گی مثلاً دوران سفر کسی اجنبی سے ہمکلام نہ ہوں کسی انجان شخص سے کچھ لے کر نہ کھائیں اپنے سامان کی خود حفاظت کریں بغیر ٹکٹ اور بمعہ رقم سفر نہ کریں وگرنہ نقصان کا احتمال ہے۔
امسال آپ کی منگنی اور شادی طے ہونے کے خاصے امکانات ہیں۔تاہم جو لوگ شادی شدہ ہیں ان کی منگنی و شادی نہ ہوسکے گی۔شادی کے خواہشمند افراد کو وقت کا تعین سوچ سمجھ کر کرنا ہوگا کہ رات گیارہ بچے کے بعد ہر شادی ہال کی بتیاں بجھا دی جاتی ہیں۔
اس سال آپ کو ازدواجی معاملات میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔آپ سسرالی الزامات کی ذد میں رہیں گے اور وہ جو اپنے سسرال کے کہنے مطابق چلتے ہیں خاصے مشکلات میں نظر آئیں گے کہ اپنا سب کچھ وارنے کے بعد بھی سسرال والے خوش نہیں نظر آرہے۔
امسال آپ کو سب سے زیادہ زور کاروبار پر دینے کی ضرورت ہے کہ کمائیں گے نہیں تو کھائیں گے کیسے۔ لہذا امسال ، اگلے سال اور آئندہ آنے والے سالوں میں پیسہ کمانے والی مشین بنے رہیے اور گھر والوں اور خاندان والوں کو خوش رہنے کے مواقع فراہم کرتے رہیں۔
ورد خاص: روزآنہ کم از کم دس گھروں کی گھنٹیاں بجا کر بھاگیں تاکہ ان کو حرکت کی برکت سے آگاہی ہو۔
صدقہ:جس دن گھنٹیاں بجاتے پکڑے گئے صدقہ خود ہی ادا ہو جائے گا۔