Vaasa aur aasa paasa
ایسٹونیاEstonia میں جس پاکستانی سے ملیں اس نے ہر تیسرے جملے کے بعد گھوما پھرا کہ یہ ضرور پوچھ لینا ہے کہ کبھی ہیلسنکی Helsinki گئے ہو؟ اب اللہ جانے پاکستانیوں کو فن لینڈ Finland کے دارالحکومت ہیلسنکی سے اتنا پیار کیوں ہے کہ ہر آئے گئے کو ہیلسنکی کی تاکید کرتے ہیں اور مجھے سے بھی جب چارپانچ لوگوں نے پوچھ لیا تو میں بھی غصہ کھا کر ہیلسنکی کی بحری جہاز کے ذریعے ٹکٹ بک کرا بیٹھا۔ لیکن ان دنوں میں اٹلی Italy تھا اور وہیں پر ہی ای میل کے ذریعے بحری جہاز کی کمپنی لنڈالائن Linda Line نے پیغام بھیج دیا تکلف نہ کریں آنے کا ہم نے موسم کی خرابی کی وجہ سے ہیلسنکی- تالن بحری لائن بند کر دی ہے۔ جان چھوٹی ہم نے اڑتیس یورو واپس وصول کیے اور ڈبل روٹی ہمراہ دودھ کے اڑا کر عیاشی کر لی۔ اور ساتھ ہی دل کو تسلی دی کہ ویسے ہی دن چھوٹے ہیں اصل مزہ تو گرمیوں میں جانے میں ہے جب رات ہی نہیں ہوتی اور بندہ سارا دن خواری کے بعد بھی یہ نہیں کہہ سکتا کہ سارا دن خوار ہوئے ہیں کہ دن ہی اتنا بڑا ہے۔