اس لیے نہیں کہ سرائیکی یا ریاستی میری مادری زبان ہے (ریاستی بہاولپور میں بولے جانے والا لہجہ ہے جبکہ سرائیکی عام طور ہر ملتانی کو کہا جاتا تھا تاہم اب ہر علاقے کا لہجہ ایک دوسرے سے قریب آتا جارہا ہے) بلکہ کئی سامعین سے سنا ہے کہ سرائیکی سننے میں بڑی میٹھی لگتی ہے اب پتہ نہیں واقعی میں ہے یا ایسے ہی بات بنی ہے لیکن اس بارے تو اپنے مولانا جنید جمشید بھی فرما چکے ہیں کہ جامنی ہونٹ سرائیکی بولیں اور کانوں میں رس گھولیں۔
یہ سب لکھنے کا مقصد سرائیکی کو چائے میں بطور چینی استعمال کرنے کے لیے اکسانا نہیں بلکہ سرائیکی کی ایک اور خاصیت بتانا ہے کہ سرائیکی کی بہت سی ضرب المثل، محاورے اورکہاوتیں ایسی استعمال ہوتی ہیں کہ ان میں مزاح کا پہلو نکلتا ہے جب وہ جملوں میں بطور تنبیہ بولی جاتی ہیں تو سننے والے اس کا مزہ لیے بغیر نہیں رہ سکتے ویسے سرائیکی اتنی تہذیب والی زبان ہے کہ ہر شخص کو سائیں اور خاتون کو سینڑ (صبح کی سیر والی سیر کے وزن پر سین) بلایا جاتا ہے اور ایک مشہور مثال ہے جس کو یہاں تحریر کرنے سے قبل مزید شریفانہ بنا دیا گیا ہے کہ ایک شخص بازار حسن گیا تو وہاں کا رش دیکھ کر پریشان ہو گیا۔ آخر ایک خاتون کو دیکھ کر گویا ہویا "اماں سین کنجری بیبیاں کتھاں ملسن" (اماں جی محترمہ کنجریاں کہاں ملیں گی)۔ کچھ ایسی مثالیں جو حال ہی میں سنی ہیں تحریر کرتا ہوں اور ساتھ ہی ان کا معنی و ترجمہ بھی پیش خدمت ہے۔
گِدڑ دا گھوں لوڑ پیا تے اوں پہاڑ تے ونج ہنگیا
لفظی ترجمہ: گیدڑ کے پاخانے کی ضرورت پڑی تو اس نے پہاڑ پر جا کر فراغت حاصل کرنی شروع کردی
معنی: ضرورت کے وقت عام سی شے بھی نہیں ملتی
گوہ کو ملی گوہ جہیں او تے جہیں او
لفظی ترجمہ: گوہ کو گوہ ملی- جسی وہ ویسی وہ
معنی: کند ہم جنس با ہم جنس پرواز
پچھاوڑے ہنگے ویر نی لہندے
لفظی ترجمہ: کسی کے گھر کے پیچھے جا کر پیشاب کرنے سے بدلہ نہیں اترتا۔
معنی: نیچ شخص کی بابت کہتے ہیں کہ بدلہ لینا بھی حوصلہ مندوں کا کام ہے
آ بھئی لالو آپ وی گلوں اساکو وی گالو
لفظی ترجمہ: آؤ جی لالو (عرفیت) ، خود بھی برباد ہوئے ہمیں بھی تباہ کیا
معنی: کسی گمراہ راہبر یا نادان دوست کی نسبت کہا جاتا ہے۔
یاری بہرحال تے بسترا انج و انج/ یاری بہرحال تے پھلکا ہوٹل تے
لفظی ترجمہ : دوستی اپنی جگہ بستر اپنا اپنا- دوستی اپنی جگہ کھانا باہر سے
معنی: جب کوئی زیادہ التفاف ظاہر کرے تو کہتے ہیں
اماں ڑی اماں ڈینڑ آئی
لفظی ترجمہ: امی جی چڑیل آئی
معنی: کسی کی بدصورتی کی نسبت سے کہتے ہیں
بے حیا دا گھیو وٹیج پیا- اوں نے آکھا رکھا چا کھاسوں
لفظی ترجمہ: بے حیا کا گھی گر گیا۔ کہنے لگا کوئی نہیں بغیر گھی کے کھانا کھا لیں گے
معنی: جو شخص شرم سے عاری ہو اس کے لیے برائی بھلائی کوئی اہم نہیں
اُٹھ بڈھا تھیا پر مُترن نہ آیا
لفظی ترجمہ:اونٹ بؤڑھا ہو گیا پر پیشاب کر نا نہ آیا
معنی: کسی نااہل شخص کی بابت کہتے ہیں
شکاری دے شکار دا ٹیم تے کتی دے ہنگن دا ٹیم
لفظی ترجمہ: شکاری کے شکار کا وقت اور شکاری کی کتی کے رفع حاجت کا وقت
معنی: غلط وقت پر کوئی کام کرنے پر کہتے ہیں
ٹُر نہ سگے آپ تے لعنت گوڈیں تے
لفظی ترجمہ: چل خود نہ سکے اور ملامت گٹھنوں کو
معنی: اپنی کم ہمتی کا الزام دوسروں پر دھرنا
جلدی تے اگوں ٹوئے
لفظی ترجمہ: جلدی کھائی میں گراتی ہے
معنی: جلدی کا کام شیطان کا
بانہہ بھنا کماندے دل بھنا نی کماندا
لفظی ترجمہ : بازو ٹوٹا محنت کرتا ہے دل ٹوٹا محنت نہیں کرتا
معنی: کسی کام کے لیے نیت / دل کا ہونا ضروری ہے
گھوڑی چھاں تلے بدھو
لفظی ترجمہ: گھوڑی چھاؤں میں باندھو
معنی: جس کام کے ہونے کی امید نہ ہو۔
شیں بُکھ مرے ، دربھ مول نہ چرے-
لفظی ترجمہ : شیر بھوک مر سکتا ہے لیکن گھاس نہیں کھا سکتا
معنی: خاندانی آدمی تنگدستی میں تو بسر کر سکتا ہے لیکن اخلاق سے گرا کام نہیں کر سکتا
دھمی ویلے ملاں کرے پکار، یا رب سائیں کوئی چوکھا مار
لفظی ترجمہ : صبح سویرے مولوی اللہ سے التجا کرتا ہے کہ یا اللہ کوئی امیر آدمی کی موت ہو
معنی: اپنے مطلب کے لیے دوسروں کا نقصان مانگنا
دشمن دی کندھ ڈھاوے، بھانویں اپنے اتے آوے
لفظی ترجمہ : دشمن کی دیوار گرے چاہے اپنے اوپر ہی کیوں نہ آ گرے
معنی: اگر اپنا کئی گنا زیادہ نقصان ہو تو قابل قبول ہے بشرطیکہ دشمن کا بھی نقصان ہو
گھر دا پیر چُلہہ دا وٹا
لفظی ترجمہ : گھر کا پیر، استنجا کرنے کا بٹہ
معنی: گھر کی مرغی دال برابر
گھر اچ اٹا نہیں، پھلکے میڈے شوخ پکاویں
لفظی ترجمہ : گھر میں آٹا نہیں اور روٹی میری خوبصورت پکانا
معنی: بے جا فرمائش کرنا
آپ لڑھدی گئی، بناں کوں متیں دیندی گئی
لفظی ترجمہ : خود ڈوبتی گئی، دوسروں کو نصیحتیں کرتی گئی
معنی: دوسروں کو نصحیت خود میاں فصحیت
ماسی تَگاں، تیڈیاں رگاں، بجھ نہ سَگاں
لفظی ترجمہ : ماسی تگاں (نام) تیری رمزیں میں بوجھ نہیں سکتا
معنی: آپ کی شرارت آمیز چالیں میری سمجھ سے باہر ہیں
ما مَلے مسافراں دا اٹا، پتر کچھاں مارے
لفظی ترجمہ : والدہ مسافروں کا آٹا گوندھے اور بیٹا بغلیں بجائے
معنی: دوسروں کی خؤش بختی پر فضول ڈھول بجانا
ما مولی پیو پیاز، پتر جمیا شاہنواز/ ماں لنڈی پیو کانڑا، پتر موتی دا دانڑا
لفظی ترجمہ : والدہ مولی، والد ہیاز، بیٹے کا نام شاہ نواز/ ماں دم کٹی باپ کانا، بیٹا موتی کا دانا
معنی: ماں ایلی باپ تیلی بیٹا شاخ زعفران
ما دھی نہ کرے، دھی ہنگ ہنگ گھگری بھرے
لفظی ترجمہ : ماں بیٹی کو پکارے تک نہ اور بیٹی بار بار پاخانہ کر کے کپڑے خراب کرے
معنی: ماں بیٹی کو اپنانے سے انکاری ہے اور بیٹی ہے کہ چھچھورے لاڈ کرتی پھرتی ہے- جب ایک فریق دوسرے فریق کی سرد مہری کے باوجود بے تکلفی کی کوشش کرے
ماں مر گئی پھوسیاں چنڑدے، دھی دا ناں بخت بھری
لفظی ترجمہ : ماں گوہے (بھینس کا پاخانہ جو دیہاتوں میں جلانے کے کام آتا ہے) چنتی مر گئی اور بیٹی کا نام بخت بھری۔
معنی: برعکس نہند نام زندگی کافور
اُٹھ نا رُنے، بورے رُو پئے
لفظی ترجمہ :اونٹ نا روئے اونٹوں پر رکھے بورے رو دیے
معنی: ناحق فریاد کرنا
یا ڈھیہدے کوں حیا ، یا ھنگدے کوں حیا
لفظی ترجمہ : یا دیکھنے والے کو لحاظ کرنا چاہیے یا پیشاب کرنے والے کو لحاظ کرنا چاہیے
معنی: جب کوئی برا کام ہوتا دیکھیں تو کہتے ہیں
ذات دی کِرڑی، شہتیر نال جپھے
لفظی ترجمہ : ذات کی چھپکلی، شہتر کے ساتھ بغل گیری
معنی: جب کوئی چھوٹا اپنی اوقات سے بڑا کام کرنے کی کوشش کرے
سائیں جانینڑ تے بلائیں جانینڑ
لفظی ترجمہ : مالک جانیں اور بلائیں جانیں
معنی: پرائے پھڈے میں ٹانگ نہ اڑانا
کالی کتی در کھڑکایا، ملاں آکھیا حلوہ آیا
لفظی ترجمہ : کالی کتی نے دروازہ کھڑکایا، مولوی صاحب سمجھے حلوہ آیا ہے۔
معنی: ساون کے اندھے کو ہرا ہی سوجھتا ہے
لاتھی شے آوے کم، بھاویں ہووے گوہ د اچم
لفظی ترجمہ: پڑی ہوئی شے خواہ گوہ کی کھال ہی کیوں نہ ہو کام آجاتی ہے
معنی: داشتہ آید بکار
چھج تاں الاوے، پرون کیوں الاوے جیکوں نو سے ٹنگ ہن
لفظی ترجمہ : چھاج تو بولے، چھانی کیوں بولے جس کو نو سو سوراخ ہیں
معنی: پاکباز آدمی تو تنقید کرے جو خود گناہگار ہو اس کو دوسروں پر انگلی اٹھانا زیب نہیں دیتی
جلے دے آرائیں۔ اوہو چور تے اوہو سائیں
لفظی ترجمہ : جلے کے آرائیں (جلہ آرائیں ملتان کے پاس ایک قصبہ ہے) وہی مالک وہی چور
معنی: جب نقصان کرنے والا خود گھر کا بھیدی ہو
Sraiki muhawra, kahwat aur zarb ul misal