hadayat nama safri-I
سفر وسیلہ ظفر ہے اسی لیے میرے عزیز دوست نعیم صاحب نے سفر کرنا چھوڑ دیا ہے کہ ان کے کزن میاں ظفر نے ان کے ساتھ وہ کی ہے جو کرنے کا حق ہےیعنی جو برادرانِ یوسفؑ نے ان کے ساتھ کی تھی۔اب ایک تو ظفر صاحب وکیل ہیں اوپر سے ناکام یعنی کون کریلا نیم چڑھا چبائے۔لیکن ایسے لوگ جن کا ٹاکرا میاں ظفر جیسے وسیلوں(یا وکیلوں) سے نہیں ہوا یا پھر مجبوری کا نام شکریہ کے تحت ان کو یہ بار گراں اٹھانا پڑتا ہے یا پڑ سکتا ہے کے لیے یہ راہنما گائیڈ نما ہدایت نامہ تیار کیا ہے۔یاد رہے یہ بیرون ملک سفر کرنے والے مسافران کے اوپر لاگو ہوتاہے۔
اپنا پاسپورٹ غیر ملک اترتے ہی چھپا کر رکھیں۔بے شک پاسپورٹ چھپانا اس لیے بھی ضروری ہے کہ یہ سب سے اہم دستاویز ہے آپ بے شک کھو جائیں پاسپورٹ نہیں کھونا چاہیے۔لیکن یہاں تحریر کرنے میں حکمت یہ پوشیدہ ہے کہ لوگ کہتے ہیں پاسپورٹ ہمارا فخر ہے تو بھائی فخر کرنا گناہ ہے۔ اللہ میاں نے فخر دیکھا تو قیامت والے دن خواری ہوگی اور بیرون ملک کسی سیکورٹی والے نے آپکا پاکستانی فخر دیکھ لیا تووہاں دنیا میں ہی خواری جھیلنی پڑ سکتی ہے۔ عین ممکن ہے آپکو کسی الگ کمرے خاص طور پر جا کر جامہ تلاشی دینی پڑ جائے۔تو سفر کرنے سے پہلی برکت یہ ہوئی کہ آپ فخر سے محفوظ ہو گئے۔