اب اللہ جانے پیدائشی خلل تھا یا بعد میں کس حادثے کا نتیجہ ہے کہ اردو سے محبت کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی ہے- یہ محبت جب کمپیوٹر استعمال کرنا شروع کیا تو مزید ابھر کر سامنے آئی- جس روز پہلی بار نویں جماعت میں کمپیوٹر کو چھوا اسی لمحے پہلا خیال یہی آیا کہ اس پر اردو میں کام کیسے کیا جا سکتا ہے-
چونکہ میں خود بھی کمپیوٹر جتنا ہی پرانا ہوں اس لیے ونڈو پچانوے سے لیکر ونڈو دس تک کے سفر میں اردو کی جستجو جاری رہی اور آخر یونی کوڈ کے عام ہونے اردو لکھنے اردو پڑھنے کے عام ہونے کے بعد ہی دل کو کچھ سکون پہنچا-
اب بدقسمتی یہ کہ جب ہم بلوغیت کو پہنچے تو اردو کا بڑھاپا آن پہنچا اور ہندی میڈیا اور انگریزی سوشل میڈیا نے اردو کو ایسا نقصان پہنچایا کہ اب تو کورس کی کتب دیکھ کر مجھ جیسا بندہ جو واجبی سی اردو جانتا ہے بھی غلطیاں ڈھونڈ لیتا ہے-
یورپ کے بہت سے تحفوں میں سے جو مجھے ملے ایک برڈنگ بھی ہے- برڈنگ کے بارے میں اپنے بلاگ پر پہلے بھی لکھ چکا ہوں جو آپ میرے پرانے بلاگز میں پڑھ سکتے ہیں۔ تاہم جب بھی برڈنگ کے بارے لکھا تو دماغ میں پہلا سوال یہ آیا کہ برڈنگ کا اردو مترادف کیا ہے-
ایک زمانہ تھا کہ ایک سائنسی لغت نکلا کرتی تھی جس میں سائنسی اصطلاحات کو اردو میں ڈھالا جاتا تھا اور اکثر اوقات ان الفاظ پر تنقید ہی کی جاتی تھی کہ ایسے مشکل الفاظ ہیں کہ خدا کی پناہ اس کے برعکس عربی زبان نے پیپسی کو ببسی اور برگر کنگ کو برجر کنج کہہ کر ہی مشرف بہ عربی کر لیا- حالانکہ اردو ایسی زبان ہے جس میں تقریباً ہر لفظ موجود ہے (ڈ، ڑ، گ، ٹ اور ایسے ہی کئی الفاظ دنیا کی اکثر زبانوں میں نہیں پائے جاتے)- لیکن بہرحال اپنی زبان کا لفظ تو اپنی زبان کا ہی ہے اسی لیے ہم نے کوشش کی ہے کہ برڈنگ کو اردو میں ڈھالا جائے۔
برڈر Birder اصل میں برڈ واچر Bird watcherیعنی پرندے دیکھنے والے کو کہتے ہیں- اسی کو مختصر کر کے برڈر یا برڈنگ Birding کر دیا گیا ہے- برڈنگ برڈ سے نکلا ہے اور برڈ کا اردو تو پرندہ سب کو ہی پتہ ہے- اب سب سے آسان تو پرندہ باز بنتا ہے- لیکن باز لاحقے سے ایسے ایسے الفاظ نکلے ہیں کہ کبوتر باز اور نشہ باز، قمار باز تو بہت اچھے لفظ لگتے ہیں-اوپر سے کچھ سر پھرے تو برڈر سے آگے نکل کر بٹرفلائینگ کرنے لگے ہیں تو اب تتلی باز لکھنا تو سیدھا شام کے اخباروں کی یاد دلانا ہے جہاں عیاش مکڑے اور تتلیاں کسی اور معنوں میں استعمال ہوتا ہے-
ویسے تو ماہر طیور بھی پکارا جا سکتا ہے لیکن میرے جیسے ماہر برڈر بھی پائے جاتے ہیں جو کوے کی تصویر کھینچ کر بھی پوچھتے پھر رہے ہوتے ہیں کہ بھائی یہ کون سا پرندہ ہے- طائر سے طیوری بھی ہو سکتا ہے لیکن طیوری سے کستوری اور حضوری اور پھر بات دور تک جا پہنچتی ہے- ایک صاحب بولے طائر لا ہوتی رکھ لیں لیکن اس میں 'لا' نہیں کو ظاہر کرتا ہے اور نہیں نپولین اور برڈر کی ڈکشنری میں پایا نہیں جاتا کہ جب کوئی پرندہ نہیں ملتا تو ہم مینا، کوے اور چڑیا کی تصویر کھینچ کر کام چلا لیتے ہیں تو اس صورت میں باقی طائر ہوتی بچتا ہے جس پر ہمارے کے پی کے والے برادران اعتراض کرسکتے ہیں کہ ہوتی برادران اے این پی میں ہیں اور کے پی کے میں انصافیوں کی حکومت ہے۔
اردو میں فاعل کے لیے 'ری' یا 'ڑی' کا بھی استعمال ہوتا ہے- جیسے کھلاڑی، اناڑی یا لکھاری ہیں- اس زمین میں اب اڈاڑی یا تاڑی تو لکھا جا سکتا ہے لیکن پرنداری یا پرنداڑی نا ہی کوئی اچھا صوتی اثر چھوڑتا ہے نہ ہی کوئی واضح نقوش-
وہ لوگ جو خود کو پڑھے لکھے سمجھتے ہیں ہمیں چڑی مار کے نام سے بھی پکارتے ہیں – ایمانداری کی بات ہے کہ چڑی کے نام پر تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں کہ چڑیا تو پرندوں کیا پرندوں و جانوروں کو مشترکہ طور پر نمائندگی کرتی ہے کہ چڑیا گھر اس کا بہترین نمونہ ہے لیکن مار کا لفظ ہماری ساری محنت ، جدو جہد کو ضائع کر دیتا ہے کہ ہم 'مار نہیں پیار' کے نمائندگان ہیں-
بہت عرصہ پہلے ایک صاحب سے سنا تھا کہ انگریزی میں غیرت کا مترادف بتائیں پھر خود ہی بولے چونکہ انگریز غیرت مند نہیں ہوتے اس لیے انگریزی میں غیرت یا غیرت کا مترادف نامی کوئی لفظ نہیں- ایسے ہی کبھی کبھار میں سوچتا ہوں کہ اردو میں برڈرز نہ ہونے کے برابر ہیں اس لیے اردو میں برڈر کے لیے کوئی لفظ نہیں-
اردو میں ایک رجحان عربی و فارسی ناموں کو اپنانے کا بھی ہے- فارسی میں برڈنگ کو پرندہ نگری یا مرغ دار کہتے ہیں- جبکہ عربی میں یہ عربی میں مراقبہ طیور یا مشاهدة الطيور کہتے ہیں- پرندہ نگری سے پرندہ نگر کسی علاقے یا جگہ کا سرگرمی کو تو ظاہر کرتا ہے لیکن کسی فاعل کو ظاہر نہیں کرتا – البتہ مرغ دار کی مناسبت استعمال کی جاتی ہے کہ پرندہ دار لیکن دار لاحقہ اردو میں ملکیت کو ظاہر کرتا ہے کہ خمدار (خم رکھنے والا) یا دمدار( دم رکھنے والا)- عربی میں بات کریں تو مراقبہ طیور یا مشاہدہ طیور بھی سرگرمی کو تو ظاہر کرتا ہے لیکن مشاہد طیور جو کسی بڑے شخص کا نام تو ہو سکتا ہے ایک بیچارے برڈر کا نہیں -
البتہ جو میری سمجھ میں آتا ہے وہ گرد لاحقہ سے پرندہ گرد یا پرندہ گردی ہے- بھلے یہ غنڈہ گرد کا ہم لاحقہ ہو لیکن فی الوقت میری سمجھ میں پرندہ گرد سے زیادہ لفظ سمجھ سے بالاتر ہے کہ آوارد گرد اور جہان گرد کی طرح پرندہ گرد بھی جگہ جگہ کی خاک اڑاتا پھرتا کہ 'ایک لائفر کا سوال ہے بابا'۔
Angrezi lafz birder ki Urdu