January 11, 2016

چھٹی سالگرہ



لیں جی، یہ بیچارہ سا بلاگ چھ سال کا بوڑھا ہو گیاہے۔ ان چھ سالوں میں یہ دو سو ساتویں پوسٹ ہے جبکہ پھیرے مار یعنی وزیٹر تقریباً ایک لاکھ نوے ہزار تک جا پہنچے ہیں۔ یوں تو کسی بھی بلاگ کی کامیابی کو جانچنے کے کئی ایک نسخے ہیں جن میں سے ہمارے نزدیک سب ناکام ہیں اور بس کامیابی یہ ہے کہ چھ سال سے مسلسل لکھے جا رہا ہوں-


اگرچہ اس سال میں چڑیا گھر میں پائے جانے والے جانوروں اور پرندوں کا بلاگ (برڈز انیمل) شروع کیا اور اس کو بھی شروع کیے ایک سال بیت چکا ہے اور وہ ورڈ پریس سے اپنی ڈومین پر بھی منتقل ہوچکا اس امید پر کہ شاید گوگل صاحب کوئی پیسے دے دیں لیکن تاریخ گواہ ہے جس روز کا ہم نے بلاگ لکھنا شروع کیا اس کے بعد سے ہی گوگل نے ایڈسینس اردو کے لیے ختم کر رکھے ہیں اور کبھی کبھار تو سوچتے ہیں دوسرے بلاگروں کے بھلے کے لیے ہم لکھنا چھوڑ دیں۔

نئی مشغولیت شروع تو کی ہیں لیکن ایک لحاظ سے اس نے اس بلاگ کو متاثر ہی کیا ہے کہ روز چار پوسٹیں کم از کم ایک گھنٹہ تو لے ہی لیتی ہیں کہ بارہ سو کے لگ بھگ پوسٹ کرنے کے بعد بھی روز ایک آدھ نیا جانور پرندہ نکل آتا ہے- ادھر تصویری بلاگ بھی کیم پروف کے نام سے شروع کر رکھا ہے۔

لیکن ایسا ہے کہ ایسے دور ہمیشہ آتے ہیں کہ ایک بار میں پورا ڈیڑھ سال تک کہانی کا ایک بھی لفظ نہیں لکھا تھا لیکن پھر نہ صرف کتاب چھپ گئی بلکہ اگلی کتاب کا مواد بھی تیار ہے لیکن اب کہ اس امید میں ہوں کہ شاید کوئی پبلشر خود سے آئے جس کو نہ صرف پبلشنگ کا تجربہ ہو بلکہ مارکیٹنگ بھی جانتا ہوں کہ بھلے ہی کتاب چھاپنا مشکل کام ہو اس کو مارکیٹ کرنا اس سے بھی مشکل کام ہے۔

ہر سال بلاگ کی سالگرہ پر یہ بلاگ لکھنا پڑتا ہے جیسے ہر سال سالگرہ پر کیک کٹتا ہے خواہ آپ کو زیابیطس ہی کیوں نہ ہو۔ لہذا ایک بار پھر آپ کی خدمت میں سالگرہ بلاگ پیش خدمت ہے اور یہ یوں پچھلے بلاگوں سے تبدیل ہے کیونکہ اس بلاگ میں دو بلاگوں اس طرف سے اور بڑڈ انیمل دونوں کی سالگرہ منائی جارہی ہے۔

دیکھیں اگلے سال تک تاب آنے پاتے ہیں یا پھرہم بھی کسی اور شے کو پیارے ہو جائیں گے



chatti salgirah