June 24, 2016

بریکزٹ- انگریز تو واقعی سیریس ہو گئے



سب سے پہلے تو بتاتا چلوں کہ بریکزٹ brexit برٹش ایگزٹ یعنی برطانوی اخراج کا نعرہ ہے جو کہ برطانوی قوم پرستوں نے یورپی یونین سے اخراج کے لیے مارا اور برطانوی حکومت نے اس پر رائے شماری کرائی جس پر کل برطانوی ووٹرز نے اخراج کے حق میں فیصلہ دے دیا- میں یہ سمجھتا رہا ہے کہ ایسے ہی سیاسی اسٹنٹ ہے جو کہ ووٹنگ کے بعد اپنی موت آپ مر جائے گا لیکن نتائج نے ثابت کیا کہ "انگریز تو واقعی سیریس ہو گئے"۔


ہمیں بحرحال یقین آگیا ہے کہ سیاستدان عام طور پر ایک جیسے ہی ہوتے ہیں آپ کو یقین نہ آئے تو برطانوی سیاستدانوں کو دیکھ لیں- اب ہمیں اپنے قوم پرست سیاستدان اچھے لگنے لگے ہیں صرف ڈیم وغیرہ ہی نہیں بننے دیتے انہوں نے تو برطانیہ کو یورپ سے نکلوا کر دم لیا- 

ویسے شروع سے ہی برطانیہ اور یورپی یونین کے تعلقات کسی نخریلی محبوبہ کے سے رہے ہیں کہ اونہوں یوں نہ کرو، نہ جی مجھے تو یہ پسند نہیں، اؤئی اللہ میں مر گئی ایسی انہیائے اور یورپی یونین بیچاری چپ چاپ برطانیہ کے نخرے سہتی رہی- برطانیہ نے یورو میں شمولیت اختیار نہیں کی، شینگن زون (ویزا فری) برطانیہ میں لاگو نہیں کیا، باقی ممالک کی نسبت سالانہ کم فنڈز دیے لیکن مفادات خوب سمیٹے۔ 

برطانیہ بطور نخریلی محبوبہ

برطانوی ووٹرز کو سب سے بڑا خوف پناہ گزینوں، غیر ملکیوں اور مہاجرین کا تھا تو سب سے پہلے آپ اس وقت کالونیاں ہی نہ بناتے غلاموں نے آقاؤں کے پاس تو آنا تھا اور دوسرا آپ کو غیرملکیوں سے ڈر ہے تو یورپئین یونین کو الزام مت دیں بلکہ اپنے ویزا سیکشن والوں کو پکڑیں کہ میں خود چشم دید گواہ ہوں کے ایسے ایسے لوگوں کو ویزا جاری کیے گئے جن کو پارک میں گھسنے پر کوئی نشئی پوچھ رہا ہوتا ہے کہ اؤئے تم کس کی اجازت سے اندر آ گئے اور اکثر جائز اور قابل امیدواروں کا حق مارا گیا- اصل میں غیر ملکیوں کی آمد کے وقت خطرہ یہ ہوتا ہے کہ کہیں وہ ملکی معیشت پر بوجھ نہ بن جائیں یا غائب نہ ہوجائیں تو اس وقت اچھے لوگوں کا چناؤ آپ کے ملک کی معیشت کے لیے فائدہ مند ہوتا ہے ادھر یہ حال ہے کہ پی ایچ ڈی کہ طلبا کو ویزا دینے سے انکار کر دیا کر گیا جو آج کسی اور ملک سے پی ایچ ڈی کر کے وہاں پروفیسر بنے بیٹھے ہیں اور ریسرچ میں بڑھ چڑھ کر کام کررہے ہیں جبکہ ایسوں کو ویزا دے دیے گئے جن کے بارے اتنا پتہ ہے کہ ہاں ائیر پورٹ پر انٹری تو ہوئی تھی اس کے بعد سے کوئی پتہ نہیں- اوپر سے آپ کا شینگن زون بھی نہیں کہ لوگ منہ اٹھا کر آپ کے ملک آئے جا رہے ہیں بلکہ الگ ہونے کے بعد آپ کا ویزا سسٹم تو ایسا ہی رہے گا اور برطانیہ کوئی ترکی یا یونان کے پاس بھی نہیں کہ ہزاروں مہاجرین روز سرحد پار کر کے آپ کے ملک آ رہے ہیں اور آپ یورپی قانون کی وجہ سے خاموش ہیں۔ 


برطانوی معیشت ابھی تک دنیا کے پچھلے اقتصادی جھٹکے سے نکل نہیں سکی یورپی یونین جہاں ایک معیشت کا نظریہ ہے جیسے تمام یورپی یونین میں کوئی ڈیوٹی نہیں ، کوئی کسٹم نہیں، بنک ایک ملک کی طرح کام کرتے ہیں اور برطانیہ کی سب سے زیادہ تجارت یورپی یونین کے ساتھ ہی ہے تو تو کیا آپ ٹیکس لاگو کریں گے؟ نئی ڈیوٹیاں لگائیں گے؟ نئے ممالک سے معائدے کریں گے؟اس سے آپ کی معیشت اور برآمدات و درآمدات پر منفی اثرات جو مرتب ہوں گے وہ اور اگر نہیں لگائیں گے تو فائدہ کیا ہوا الگ ہونے کا؟ 

اگر قانون ایسا ہی رہا تو سب سے بڑا نقصان برطانوی فٹ بال کو ہوگا- اگر یورپی یونین نہ ہوتی تو کرسٹیانو رونالڈو تک مانچسٹر یونائیڈ میں کھیلنے کے لیے ویزا کا اہل نہ تھا۔ یورپی یونین کے قانون کے وجہ سے ہل سٹی اور مڈلزبرا جیسے چھوٹے کلبوں میں دس دس سے زائد بیرونی کھلاڑی ہیں لیکن اگر برطانوی قانون لاگو کیا جائے تو دو تین بڑے کلبوں کے علاوہ کوئی اس قابل نہیں بیرونی کھلاڑیوں کو خرید سکے اور یہی حال برطانوی کھلاڑیوں کا ہے جو ہر سال سو کے لگ بھگ یورپی کلبوں میں کھیلنے کے لیے منتخب کیے جاتے ہیں اور یہی قانون ان پر لاگو ہوگا – 
برطانوی شہری جو دیگر یورپی ممالک میں رہتے ہیں ان کو بھی اب نئے ویزا قوانین کا سامنا کرنا ہوگا


ادھر برطانیہ خود چار نیم خود مختار ممالک پر مشتمل ہے جن میں سکاٹ لینڈ اور شمالی آئرلینڈ نے ساتھ رہنے کے حق میں ووٹ دیے ہیں جبکہ سکاٹ لینڈ میں پہلے ہی آزادی کی تحریک زوروں پر ہے اور آئر لینڈ کا یورپی یونین کی مدد دے اقتصادی بحران سے نکلنا ان کو مہمیز دے گا کہ وہ برطانیہ سے آزادی کی تحریک کو مزید تیز کریں گویا قوم پرستوں کو قوم پرستوں سے پھر ٹکرانا ہوگا۔ بے شک یورپی یونین کو بھی نتایج بھگتنے ہوں گے جیسے اب فرانسیسی اور ڈچ قوم پرستوں کو بھی جوش آ رہا ہے لیکن اصل حقیقت انگریزوں پر اگلے دو تین سالوں میں واضح ہو جائے گی جو یہ سمجھتے ہیں کہ دنیا سے کٹ کر وہ ایک سفید برطانیہ قائم کر پائیں گے-باقی پاکستان کا کیا ہے ہمارا تو فائدہ ہو گیا پہلے ہم یورپی یونین سے امداد لیتے تھے اب یورپی یونین سے الگ لیں گے برطانیہ سے الگ لیں گے۔

Brexit- angrez to waqe serious ho gae