May 5, 2014

فلم (خورد) بینی

Film (khurd) beeni


گزشتہ چند سالوں میں اتنی فلمیں دیکھی ہیں میں نے کہ کئی بار سنجیدگی سے فلموں پر تبصروں کا بلاگ شروع کرنے کا سوچا لیکن پھر ہماری عوام کی اردو پڑھنے سے محبت ذہن میں آئی اور سوچا جو ڈھول گلے میں ڈالے ہیں پہلے ان کو تو نمٹا لوں لہذا فی الحال محض ایک بلاگ پیش خدمت ہے۔

یوں تو ہر شخص کی اپنی پسند نا پسند ہوتی ہے لیکن تبصرہ کرنے والے کو آزادی ہوتی ہے کہ وہ اپنی مرضی سے جو اس کا دل کرے وہ لکھے تو آج کا تبصرہ بھی سراسر میری ذاتی پسند پر مشتمل ہے۔

اقسام 
دس منٹی فلم: دس منٹی فلم وہ فلم ہے جو آپ نام، اداکار/اداکارہ، کہانی کا خلاصہ پڑھ کر ڈاؤن لوڈ Download کرتے ہیں اور پانچ منٹ میں ہی بیزار ہوجاتے ہیں۔ تاہم اپنی پسند کو درست ثابت کرنے کو پانچ منٹ مزید دیتے ہیں اور اس دوران حتی الوسیع فاسٹ فاروڈ Fast Forward کے بٹن سے بھی کام لیتے ہیں لیکن پانچ منٹ بعد ہی آپ کی بس ہو جاتی ہے اور دس منٹ بعد فلم ری سائیکل بن Recycle bin میں آرام کر رہی ہوتی ہے۔ بغیر سوچے سمجھے اور تھوک کے حساب سے ڈاؤن لوڈ کی جانے والی اکثر فلموں کا یہی انجام ہوتا ہے۔

آدھ گھنٹے والی فلم: یہ فلم وہ ہوتی ہے جو مکمل تو دیکھنا تو آپ کے بس سے باہر ہے لیکن کبھی کہانی کی وجہ سے کبھی مکالموں کی وجہ سے کبھی کسی وجہ سے آپ فاسٹ فارورڈ کا بٹن استعمال کرتے ہوئے آپ اس کو اختتام تک گھسیٹ جاتے ہیں اور تین گھنٹے کی یا ڈیڑھ گھنٹے کی فلم آدھ گھنٹے میں دیکھ کر فارغ ہوجاتے ہیں۔ ڈروانی فلمیں، یا گھسے پٹے موضوع کی فلمیں اکثر اس قسم میں آتی ہیں۔

تقریباً مکمل فلم: یہ آپ کے مزاج کے عین مطابق ہوتی ہیں لیکن کچھ مواقع پر آپ بے بس ہوجاتے ہیں۔ جیسے ہندی فلموں میں گانے دیکھنا میرے لیے نا ممکن ہے خواہ کسی ہی فلم کیوں نہ ہو اس کے گانے ہمیشہ میں آگے ہی کر دیتا ایسے ہی انگریزی فلموں میں چند سین جو مفت میں لمبے کیے جائیں وہ بھی کاٹے جاسکتے ہیں جبکہ فحاشی بھی سنسر برد کر کے آپ تقریباً مکمل فلم دیکھ لیتے ہیں۔ آج کل ایسی فلمیں کم کم آ رہی ہیں اس لیے کوئی مثال ذہن میں نہیں آ رہی۔

مکمل فلم: یہ فلم ایسی ہوتی ہے کہ آپ بھول ہی جاتے ہیں کہ آپ کے کمپیوٹر یا ریمورٹ میں فاسٹ فاروڈ بٹن بھی ہے اور آپ ایک ایک سین ایک ایک مکالمہ پورے انہماک سے دیکھتے ہیں۔ یہ انتہائی نایاب قسم ہے اور اکثر سنیما میں پائی جاتی ہے کہ جہاں آپ کے ہاتھ میں فارورڈ کرنے کی کوئی سبیل نہیں ہوتی اور مجبوراً آپ کو فلم پوری دیکھنی پڑتی ہے۔ لیکن جیسا پہلے کہا یہ ہر بندے کی اپنی پسند پر ہے کہ ایک ہم ہیں کہ ویڈیو گانا دیکھنا پڑ جائے تو عذاب لگتا ہے جبکہ وہ بھی ہیں جو آج بھی بازار سے ویڈیو گیت مالا خرید کر دیکھتے ہیں۔

 نمبر داری (رینکنگ Rating)

لوگ فلموں کی کوالٹی کی بنا پر فلموں کو نمبر دیتے ہوں گے لیکن ہمارے ماپنے کے پیمانے ذرا الگ سے ہیں۔

فحاشی : زیادہ سے زیادہ 10 کم سے کم 1
پہلے ہندی فلموں میں یہ پیمانہ اکثر پانچ کے لگ بھگ ہوتا تھا لیکن اللہ پوچھے اس ترقی کا وہاں بھی یہ صفت روز افزوں ترقی کر رہی ہے۔ زبان کی فحاشی یعنی گالم گلوچ انگریزی میں اس لیے چلو چل بھی جاتی ہیں کہ ہمیں سمجھ ہی پوری سوری آتی ہیں لیکن ہندی میں تو اور کچھ سمجھ آئے نہ آئے گالیاں بڑی اچھی طرح سمجھ آ جاتی ہیں۔ جوں جوں یہ فحاشی کے نمبر بڑھتے جاتے ہیں توں توں فلم مکمل سے دس منٹی گروپ میں داخل ہوتی جاتی ہے۔

مزاح: زیادہ سے زیادہ 10 کم سے کم 1
فلم میں یہ ہمارے لیے سب سے اہم شے ہے کہ اکثر مزاحیہ فلمیں مجھے اچھی لگتی ہیں ہاں بالغان والا مزاح ذرا ہضم کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔ رونے دھونے والی فلم اس لیے دیکھنے سے پرھیز کرتا ہوں کہ اپنا تو یہ حال ہے کہ اپنے افسانے لکھتے وقت آبدیدہ ہوجاتا ہوں فلم کیا خاک دیکھوں گا۔ ڈراونی فلم دیکھنے سے بچپن میں ڈر لگتا تھا اور آج بھی وہی حال ہے۔ لہذا لے دے کر باقی مزاح ہی بچتا ہے اور چاہے بے تکی کہانی ہو یا چولوں والے مکالمے مزاح جیسے تیسے چل ہی جاتا ہے حتی کہ ہندی فلمیں جن میں گوندا رہا ہے وہ بھی با امر مجبوری دیکھنی پڑ جائیں تو دیکھ لیتا ہوں۔ تو جتنے نمبر مزاح کے زیادہ ہوں گے اتنی فلم میرے لحاظ سے اچھی ہو گی۔

کہانی: زیادہ سے زیادہ 10 کم سے کم 1
یوں تو اچھی کہانی کسی بھی فلم کی جان ہے لیکن آج کل ایسی فلمیں بھی آرہی ہیں جس میں کہانی لگتا ہے لکھی ہی نہیں گئی بلکہ ایک منظر کے بعد جو دل میں آیا اس سے دوسرا منظر بنا لیا گویا فلم نہ ہوئی ہمارا بلاگ ہو گیا کہ بات سے بات نکالتے چلے جاؤ۔ اب چونکہ ہم خود اسی جنس کے دکاندار ہیں لہذا کہانی چاہے 1 پر ہو یا 10 پر ہمیں کوئی خاص نہیں فرق پڑتابس وقت اچھا گزرے باقی خیر ہے۔

حصے بخرے
عام طور پر فلم کے تین حصے ہوتے ہیں۔
شروعات: 1 کم سے کم 3 زیادہ سے زیادہ
شروعات میں اکثر فلمیں 1 نمبر پر ہوتی ہیں کہ وہ کہانی ذرا بنا رہے ہوتے ہیں تاہم جتنی اٹھان آہستہ رہے گی اتنی ہی دلچسپی ختم ہوتی چلے جائے گی اور امکان ہے کہ اچھی فلم بھی دس منٹی ثابت ہوسکتی ہے تاہم ایسی فلم جو شروعات 3 سے کرے آگے جتنی بھی بری ہو جائے اور نہیں تو آدھ گھنٹہ تو کھینچ ہی لیتی ہے۔

درمیان: 1 کم سے کم 3 زیادہ سے زیادہ
یہ فلم کا نازک مرحلہ ہوتا ہے اور اکثر اسی حصے نے فیصلہ کرنا ہوتا ہے کہ فلم آدھ گھنٹی ہو گی ، دس منٹی ہو گی یا تقریباً مکمل یا مکمل۔

اختتام: 1 کم سے کم 3 زیادہ سے زیادہ
اختتام تک اگر آپ پہنچ ہی گئے ہیں تو پھر یہ مرحلہ آپ کے لیے کوئی خاص اہمیت نہیں رکھتا۔ ہاں اگر دس منٹی کا اختتام اچھا ہو گیا تو امکان ہے کہ آپ دوبارہ دیکھنے پر غور کریں گے اور اب کی بار فلم کی مدت آدھ گھنٹے تک بڑھانے پر بھی غور کریں گے۔ تو اختتام کا تعلق فلم کے اگلی بار دیکھنے سے ہے۔

 امید ہے یہ بلاگ پڑھ کر آپ شکر کریں گے کہ میں نے فلموں کے تبصروں پر مشتمل بلاگ شروع نہیں کیا ویسے آپ کیسے فلم دیکھتے ہیں ذرا آپ بھی ہمارے علم میں اضافہ کریں ؟؟؟